اسلام آباد میں کسی کو تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے ، وزیر اطلاعات پرویز رشید

جمعرات 13 نومبر 2014 20:28

اسلام آباد میں کسی کو تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے ، وزیر اطلاعات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں کسی کو تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے  احتجاج قانون کے دائرے سے باہر نکلا تو قانون کے ہاتھ شرپسندوں کے گریبانوں تک جائیں گے۔ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہاکہ قانون کی حاکمیت قائم کریں گے ، ریاست کی رٹ کو مذاق سمجھنے والوں کو ریاست کی اہمیت کا پتہ چل جائے گا انہوں نے کہاکہ شیخ رشید کا طرز عمل سکرپٹڈ ہے اور یہ سب عمران خان کا لکھا ہے ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید کو اپنے طرزعمل پر جوابدہ ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان جرم کرتے ہیں اور پھر انکاری بھی ہو جاتے ہیں ، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کے بعد اس سے مکرجانا اس بات کا واضح ثبوت ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ بوکھلاہٹ ، گالی گلوچ ظاہر کر رہی ہے کہ عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ، سیاست میں شائستگی کے بجائے بدتمیزی کا رجحان عمران خان کی پہچان بن گیا اور ان کے رویہ کی وجہ سے ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے ۔ تحریک انصاف الزام تراشیوں کے ذریعے پختونخوا میں اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔