وزیر خزانہ سے افغان ہم منصب کی ملاقات، دو طرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک لیجانے کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق

جمعرات 13 نومبر 2014 20:34

وزیر خزانہ سے افغان ہم منصب کی ملاقات، دو طرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور انکے افغان ہم منصب ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم آئندہ دو سے تین برس کے دوران اڑھائی ارب ڈالر سے بڑھا کر پانچ ارب ڈالر تک لیجانے کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا ہے جس کا ادراک دونوں ممالک کی طرف سے کیا گیا تھا ۔

جمعرات کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے افغان ہم منصب کا وزارت خزانہ میں استقبال کیا ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خزانہ نے پاک افغان تعلقات بالخصوص اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ۔ اپنے افغان ہم منصب کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انہیں افغانستان میں پر امن انتقال اقتدار پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی ایک تجربہ کار اور با بصیرت سیاستدان ہیں جو ملک کو مستقبل میں ترقی اور خوشخالی کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر خزانہ ڈاکٹر عمر زاخیل وال کو سینئر اقتصادی مشیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر بھی مبارکباد پیش کی ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک پر امن اور خوشخال ہمسائیگی کے ویژن کے حصے کے طور پر وزیراعظم نواز شریف افغانستان کے ساتھ مضبوط ، مستحکم اور تعاون پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ اسحاق ڈار نے دو طرفہ تجارت کیلئے تجارتی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات اٹھانے پر زور دیا ۔

افغانستان میں پاکستان کے معاشی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے لوگر میں سو بستروں کے نائب امین اللہ خان ہسپتال،رحمان بابا سکول میں 100 طلبہ کیلئے ہاسٹل کی تعمیر اور کابل میں 200 بستر کے جناح ہسپتال کی تعمیر کا خاص طور پر ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے کیونکہ تمام متعلقہ امور باہمی مشاورت سے اعلیٰ ترین سطح پر حل کئے جا چکے ہیں ۔

وزیر خزانہ نے افغان ہم منصب کو توانائی ، سڑکوں اور ریل رابطوں سے متعلق منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور زور دیا کہ بہتر نتائج کیلئے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مسلسل روابط ضروری ہیں ۔ افغان وزیر خزانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی نئی قیادت پاکست ان کے ساتھ اقتصادی تعاون کے قیام کی خواہاں ہے ۔ ہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا بہت احترام کرتے ہیں جنہوں نے پاکستانی معیشت کی تعمیر نو کی ہے ۔

افغان صدر اسحاق ڈار کا نہایت احترام کرتے ہیں اور انہیں افغانستا ن کا عظیم دوست سمجھتے ہیں ۔ ڈاکٹر عمر زاخیل نے دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے اسحاق ڈار کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ افغان صدر آئندہ برسوں میں تجارتی حجم کو دو گنا کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایل سی سی آئی کے اجلاس کے دوران مشترکہ پاک افغان بزنس کونسل کے قیام کی تجویز بھی پیش کی تھی اس سے تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے میں یقینی مدد ملے گی ۔

انہوں نے ویزا کے اجراء میں سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی افغان وزیر خزانہ نے اپنے ملک میں متعدد منصوبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا ۔ بعد ازاں اسحاق ڈار نے مہمان وزیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :