دھرنے والوں کو پاکستان دشمنوں کی حمایت حاصل ہے، خواجہ آصف

جمعرات 13 نومبر 2014 21:34

دھرنے والوں کو پاکستان دشمنوں کی حمایت حاصل ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کو پاکستان کے دشمنوں کی حمایت حاصل ہے،عمران خان اب اعلان خان بن چکے ہیں اور ان کا جنون صرف طاقت کے حصول کے سوا کچھ بھی نہیں،انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان تین سال میں توانائی کے شعبے میں خودکفیل ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت پاکستان باخبر ہے کہ بین الااقوامی طاقتیں اسلام آباد میں دھرنے والوں کو مخصوص ایجنڈے کے تحت سپورٹ کر رہی ہیں۔

انھوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اور طاہر القادری نے حکومت کو ڈی ریل کرنے کی ہر کوشش کی تاکہ پاکستان کو پسماندہ رکھا جائے۔ بین الاقوامی سطح پر دھرنوں سے پاکستان کا نہایت منفی امیج ابھرا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ دھرنوں کے رہنما اب بے نقاب ہو چکے ہیں۔ طاہر القادری ملک چھوڑ چکے ہیں جبکہ عمران خان تنہا رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اب اعلان خان بن چکے ہیں اور ان کا جنون صرف طاقت کے حصول کے سوا کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن دھرنوں کے حمایتی ہیں جبکہ حکومت اس بات سے بھی آگاہ تھی کہ بیرونی ہاتھ بھی دھرنوں کے حمایتی ہیں لیکن اب عمران خان کا دھرنا بھی آہستہ آہستہ اپنی موت مررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کانفرنس کا مقصد عالمی برادری کو پاکستان میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ملک کے شمالی علاقوں میں پن بجلی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے جبکہ جنوبی علاقوں میں کوئلے کے ذریعے بجلی پیداکرنے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان تین سال میں توانائی کے شعبے میں خودکفیل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :