کراچی: پولیس موبائلز پر کریکر حملہ اور فائرنگ، 1 اہلکار جاں بحق، 4 زخمی

جمعہ 14 نومبر 2014 10:53

کراچی: پولیس موبائلز پر کریکر حملہ اور فائرنگ، 1 اہلکار جاں بحق، 4 زخمی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر 2014ء) لائنز ایریا کے علاقے میں بریگیڈ تھانے کی پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی اہلکار دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت اے ایس آئی ارشد تنولی کے نام سے ہو گئی۔ تبت سینٹر ایم اے جناح روڈ پر پولیس موبائل پر کریکر حملہ کیا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔

ادھر گارڈن میں پولیس مقابلے کے بعد گینگ وار کے 2 ملزموں معراج اور عبدالباسط کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزموں کا دعویٰ ہے کہ شیراز کامریڈ گروپ کا ایاز بنگالی ان سے زبردستی وارداتیں کرواتا ہے اور وہ گزشتہ تین سالہ میں سیکڑوں وارداتیں کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس انسپکٹر کاکہنا ہے کہ ملزموں سے دستی بم، ٹی ٹی پستول موبائل اور مسروقہ موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئیں۔

میٹھا در میں پولیس نے بھتہ خور سب انسپکٹر محمد عرس کو گرفتار کر لیا۔ ایس اسی پی سٹی شیراز نظیرکے مطابق گرفتار پولیس اہلکار اے وی سی سی میں تعینات تھا۔ نپئیر کے علاقے میں پولیس نے چھاپہ مار کر پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے قتل میں ملوث 3 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا۔ ناظم آباد چاولہ مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔