ٹانگوں سے معذور آسٹریلوی لڑکی نے مثال قائم کردی

جمعہ 14 نومبر 2014 11:34

ٹانگوں سے معذور آسٹریلوی لڑکی نے مثال قائم کردی

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر 2014ء)دونوں ٹانگوں سے معذور آسٹریلوی لڑکی نے مثال قائم کردی۔معذوری ایک ایسا روگ ہے جو انسان کی خواہشات پر پانی پھیر سکتا ہے لیکن اگر لگن سچی اور حوصلے مضبوط ہوں تو کامیابی یقینی ہوتی ہے۔امریکا سے تعلق رکھنے والی جینیفر بریکر نامی لڑکی کا شمار بھی ایسے ہی افراد میں کیا جاسکتا ہے جو پیدائشی طور پر دونوں ٹانگوں سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

27سالہ جینیفرنے اپنی معذوری کے باوجود بھی ہمت نہ ہاری اور دن رات سخت محنت کے بعد ایتھلیٹ بن کر جمناسٹک میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔جینیفر کو بچپن میں ہی اس کے والدین نے معذوری کے سبب بے اولاد جوڑے کی گود میں ڈال دیا تھا اور جینیفرپر 16سال کی عمر میں یہ انکشاف ہوا کہ بچپن ہی سے جس امریکی اتھلیٹ کووہ اپنا آئیڈیل تصور کرتی تھی وہ اس کی سگی بہن ہے۔جنیفر ان دنوں ایک ماہر ڈانسر سے ڈانس کی خصوصی تربیت حاصل کر رہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ وہ ایک بہترین مقرر بھی ہے۔ دونوں ٹانگوں سے محروم جنیفر نے اپنی کامیابیوں کے ذریعے دنیا پر ثابت کردیا کہ معذور افراد بھی زندگی کی کسی دوڑ میں دوسروں سے پیچھے نہیں۔