ہمایوں سعید فلم”جوانی پھر نہیں آنی“ کے لیے تیارہوگئے

جمعہ 14 نومبر 2014 12:18

ہمایوں سعید فلم”جوانی پھر نہیں آنی“ کے لیے تیارہوگئے

بنکاک (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء)پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کے پرستار اس وقت فکر مند ہوگئے تھے جب بینکاک میں گزشتہ دنوں نئی فلم کی شوٹنگ کے لیے لوکیشن کی تلاش کے دوران وہ اور ان کی اہلیہ اایک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے ، تاہم اب وہ صحت یاب ہوکر پھر سے اپنی نئی فلم ”جوانی پھر نہیں آنی“ پر کام شروع کرچکے ہیں۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے تصدیق کی کہ اب وہ بہتر ہیں اور آئندہ چند روز میں دوبارہ بینکاک جاکر اپنی فلم پر کام شروع کرنے والے ہیں، جو کہ ان کے پروڈکشن ہاؤس سکس سگما پلس کے بینر تلے تیار کی جائے گی۔

اس حوالے تفصیلات بتاتے ہوئے ہمایوں سعید نے فلم کی کاسٹ اور کہانی کے بارے میں بتایاکہ یہ ایک کامیڈی فلم ہوگی جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح چند بیویاں اپنے شوہروں کو چین سے نہیں رہنے دیتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ فلم میں حمزہ علی عباسی، احمد بٹ، واسع چوہدری، مہوش حیات، ثروت گیلانی، سوہا علی ابڑو، عائشہ اور وہ خود مختلف کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ جاوید شیخ اور عمر شریف بھی فلم کا حصہ ہیں اور بشریٰ انصاری سے بھی بات چیت چل رہی ہے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ یہ ایک تفریحی فلم ہوگی جس میں پانچ سے چھ گانے شامل ہوں گے اور اس کی شوٹنگ بینکاک میں ہوگی۔اس کے علاوہ ہمایوں سعید جلد ایک اور فلم ملک میں بھی نظر آئیں گے جو بزنس ٹائیکون ملک ریاض کی زندگی پر مبنی ہے، جبکہ وہ شان کے ساتھ ارتھ ٹو اور یلغار میں بھی کام کررہے ہیں اور حمزہ علی عباسی کی فلم کمبخت کا بھی حصہ ہیں۔