طاہرالقادری کی پیر کو وطن واپسی کے ساتھ ہی انقلاب اپنے آخری مرحلہ میں داخل ہوجائیگا‘رحیق عباسی

جمعہ 14 نومبر 2014 12:57

طاہرالقادری کی پیر کو وطن واپسی کے ساتھ ہی انقلاب اپنے آخری مرحلہ میں ..

جھنگ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہاہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی 17 نومبر بروز پیرکو وطن واپسی کے ساتھ ہی انقلاب اپنے آخری مرحلہ میں داخل ہوجائیگاجبکہ اسلام آباد دھرنے کے باعث اکثریتی عوام کی آواز ہر شہر ، گلی کوچے ، گھر تک پہنچ گئی اور ہم عوام کی طاقت سے انشاء اللہ جلد اپنی منزل پر پہنچ کر دم لیں گے۔

تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی سیکرٹریٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ کارکنان انقلاب کے اگلے مرحلہ کیلئے کمر بستہ ہوجائیں کیونکہ ہم اگلے مرحلہ میں جلسوں سمیت شہر شہر دھرنوں کے ذریعے ملکی ماحول کو انقلاب انگیز بنانے والے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شیخ الاسلام کی سربراہی میں انقلاب کاسفر جاری و ساری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان کے دورے کامقصد ان کارکنان کو خراج تحسین پیش کرناہے جنہوں نے انتہائی جرأت ، بہادری ، استقامت ، صبر اور بلند حوصلے کے ساتھ 4ماہ تک نہ صرف ریاستی دہشت گردی کامقابلہ بلکہ پنجاب و وفاقی پولیس کے جبر وتشدد ، خفیہ ایجنسیوں کے خوف وہراس ، جیلوں کی اذیت ، جھوٹے مقدمات کے اندراج اور عدالتی کاروائیوں کا مردانہ وار سامنا بھی کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے کارکنوں نے یوم شہداء کے موقع پرلاہور میں ریاستی محاصرے کا تحمل ، بردباری ، فہم و فراست اور اولو العزمی کے ساتھ سامنا کرکے پاکستان میں پر امن انقلابی احتجاج کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد انقلاب کے اعلان کے مطابق آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبدالقادر قادری ، ڈویژنل کنوینر رانا محمدادریس قادری، ضلعی امیر غلام سرور قادری ، سینئر نائب صدر راؤ محمد اکرام الحق نے بھی خطاب کیا۔ ورکرز کنونشن میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔