ملک بھر کی 70ہزار سے زائد مساجد میں ”اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق “پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے

جمعہ 14 نومبر 2014 15:41

ملک بھر کی 70ہزار سے زائد مساجد میں ”اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق “پر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) وفاق المساجد پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر کی 70ہزار سے زائد مساجد میں ”اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق “پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی فیصل آباد ،علامہ ایوب صفدر گوجرانوالہ،مولانا طارق مدنی کراچی ،مولانا انوار الحق مجاہد ملتان ،مولانا عبد الحمید صابری اسلام آباد،مولانا نعمان حاشر راولپنڈی،حافظ محمد امجد فیصل آباد،مولانا محمد مشتاق لاہور،مفتی عمر فاروق خانیوال ،مولانا سمیع اللہ ربانی لیہ ،حافظ عمار بلوچ رحیم یارخان،پیر عبد الطیف شاہ ڈیرہ غازیخان،مولانا شفیع قاسمی ساہیوال، مولانا وقار احمد عثمانی سرگودھا،محمد اعجاز شاکری خوشاب،مولانا شکیل الرحمن قاسمی اوکاڑہ،مولانا حسان صدیقی دیپالپور، مولانا طارق ندیم عارفوالہ ،مولانا فہیم الحسن شیخوپورہ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی ٹوبہ ٹیک سنگھ،مولانا اشفاق پتافی مظفرگڑھ،مولانا حسان مدنی ڈسکہ،حاجی محمد طیب شادقادری،مولانا کلیم اللہ معاویہ ننکانہ صاحب،مولانا عمر عثمانی نے گجرات میں جمعة المبارک کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن ،سلامتی اور محبت کا دین ہے ۔

(جاری ہے)

مسلمان وہ ہے جو تمام انبیاء ورُسل اور تمام آسمانی کتب پر ایمان لائے ۔ پاکستان کے آئین و دستور میں غیر مسلموں کے حقوق طے کررکھے ہیں ۔کسی گروہ یا جماعت کو یہ حق نہیں دیا جاسکتا کہ وہ ماورائے آئین کسی کا بھی حق سلب کرے ۔جو گروہ یا جماعت یہ سوچ رکھتی ہو وہ نہ صرف آئین پاکستان بلکہ اسلام کے خلاف سرگرم عمل ہوگا۔حکومت اس کیخلاف فوری ایکشن لے۔

مقررین نے کہا کہ اسلام کسی فرد کو جلانے کی اجازت نہیں دیتا ۔سانحہ کوٹ رادھا کشن کے ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سزادی جائے ۔ بلاوجہ خوف وہراس نہ پھیلایاجائے جس سے امن کا خطرہ پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے وفاق المساجد اسی لئے قائم کی ہے کہ عصر حاضر اور عوامی مسائل کو جمعہ کے خطبات میں بیان کیا جائے۔