’آئی سی سی چیئرمین کرپشن میں ملوث‘

جمعہ 14 نومبر 2014 19:47

’آئی سی سی چیئرمین کرپشن میں ملوث‘

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2014ء) انڈین کرکٹ جمعہ کو اس وقت مشکل کا شکار ہو گئی جب سپریم کورٹ نے انکشاف کیا کہ انڈین پریمئر لیگ کےچار سینئر ترین عہدے دار کرپشن میں ملوث ہو سکتے ہیں۔سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل سیکنڈل کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ پینل نے دیگرافراد کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سربراہ نرائن سوامی سری نواسن، ان کے داماد گروناتھ میاپن، آئی پی ایل کے چیف ایگزیکٹیو سندر رمن اور راجھستان رائلز کے مالک راج کندرا سے بھی تحقیقات کیں۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے دو ججوں پر مشتمل بینچ کے حوالے سے بتایا کہ 'ہم نے رپورٹ دیکھی ہے اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ لوگوں نے ضرور غلط کیاہے'۔عدالت نے چار عہدے داروں کی رپورٹ کی نقل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے وکلاء سے کہا وہ چار دنوں کے اندر اندر اپنے اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بینچ نے تحقیقات میں شامل باقی نو افراد کی شناخت ظاہر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ان شخصیات میں اکثریت کرکٹروں کی ہے۔ان کے نام فروری میں ایک بند لفافے میں عدالت کے حوالے کئے گئے تھے۔انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بورڈ 20 نومبر کواپنے طے شدہ سالانہ الیکشنز میں تاخیر کرے گا۔اس الیکشن میں سری نواسن آئندہ تین سالوں کیلئے دوبارہ بی سی سی آئی کے صدر بننے کی امید کی جا رہی تھی۔

چاروں سینئر عہدے داروں کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر آئی پی ایل کو بڑا دھچکا لگے گا کیونکہ قوانین کے تحت اگر کسی فرنچائز کے کوئی عہدے دار بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو ٹیم پر پابندی لگا دی جائے گی۔کیس کی آئندہ سماعت 24 نومبر کو ہو گی۔میاپن چنائی سپر کنگز فرنچائز کے ٹیم پرنسپل ہیں۔سری نواسن کی کمپنی انڈیا سیمنٹ سپر کنگز کی مالک جبکہ اس کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی ہیں۔

یادر ہے کہ سپریم کورٹ نے کیس کا حتمی فیصلہ سنائے جانے تک سری نواسن کو بطور بی سی سی آئی صدرکام کرنے سے روک دیا تھا لیکن ان کے آئی سی سی کی ذمہ داریاں ادا کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔گزشتہ سال آئی پی ایل کا چھٹاایڈیشن اس وقت متنازعہ ہو گیا تھا جب پولیس نے سابق ٹیسٹ باؤلر شانتا کمارن سری سانتھ سمیت آئی پی ایل کے متعدد آفیشلز کی مبینہ غیر قانونی سٹہ اور سپاٹ فکسنگ پرقانونی چارہ جوئی شروع کی تھی۔

متعلقہ عنوان :