حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو 25 نومبر کو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے ‘ایپکا کی دھمکی

جمعہ 14 نومبر 2014 21:36

حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو 25 نومبر کو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے احتجاجی جلسے میں مہنگائی میں اضافے کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو بڑھانے سمیت تمام مطالبات کی منظوری کے لئے 25 نومبر کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے جس کے بعد ایپکا کے تمام یونٹس پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے جسے مطالبات کی منظوری تک جاری رکھا جائے ۔

اس امر کا اظہار ایپکایونٹ ڈی جی پی آر کے زیر اہتمام منعقدہ ملازمین کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صدر ایپکا ڈی جی پی آر چوہدری مشتاق علی نے میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری خالد جاوید سنگھیڑا، صوبائی صدر پنجاب ظفر علی خاں، جنرل سیکرٹری پنجاب افضل گورائیہ ، صدر ایپکالاہورڈویژن صفدر حسین اور جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن مختار احمد گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ کیا تھا جبکہ سابقہ حکومت کے مقابلے میں موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی ، بے روزگاری ، بد امنی اور قومی معاملات کو خراب کرنے میں کسر اٹھا نہیں رکھی ۔

(جاری ہے)

عام آدمی باالخصوص سرکاری ملازم صرف بجلی کے بل ادا کرنے سے ہی عاجز آ چکا ہے ، لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں ۔ان حالات میں ہر مہینے آنے والے مہنگائی کے طوفان سے نمٹنے کے لئے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہوا تو چولہے ٹھنڈے ہوجائیں گے۔مقررین نے واضح کیا کہ حکومت کو 25 نومبر تک کی مہلت دے رہے ہیں وگرنہ احتجاج کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نتائج کے ذمہ دار بھی حکمران ہوں گے ۔اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے ، اپ گریڈیشن اور دیگر مسائل کے حل کے لئے قرار دادیں بھی پاس کی گئیں۔اس موقع پر ایپکا یونٹ ڈی جی پی آر کے جنرل سیکرٹری محمد اقبال خاں، چوہدری محمد اعظم ، چوہدری تصور ، مرزا صغیراحمد ، عبدالواحد بھی موجود تھے ۔