اب 'گو نواز گو' کا آن لائن گیم بھی متعارف

ہفتہ 15 نومبر 2014 16:46

اب 'گو نواز گو' کا آن لائن گیم بھی متعارف

جہاں اسلام آباد دھرنے ہر شعبۂ زندگی پر اثر انداز ہوئے، وہیں پاکستان کی آن لائن گیمز انڈسٹری بھی ان دھرنوں سے خاصی متاثر ہو چکی ہے۔ گوگل ایپ اسٹور پر 'گو نواز گو' کے نام سے ایک نیا گیم متعارف کروایا گیا ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہاتھ میں بلّا پکڑے مختلف کنٹینروں اور خاردار جھاڑیوں سے گزرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس گیم کے ساتھ درج تفصیلات کے مطابق 'وزیراعظم نواز شریف اپنے اور اپنے عہدے کے دفاع کے لیےعمران خان سے بچنے کے لیے بھاگ رہے ہیں'۔ گیم میں عمران خان، وزیراعظم نواز شریف کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، جبکہ پس منظر میں اسلام آباد کے ریڈ زون کے مناظر، عمارتیں اور دھرنے کے شرکاء نظر آرہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے کردار کو بچانے کے لیے اسے کنٹینرز، خاردار تاروں اور دیگر رکاوٹوں سے جمپ کروانا ہوتا ہے اور زیادہ اسکور کرنے کے لیے سکے جمع کیے جاتے ہیں۔