پاکستانی نوجوان نے ایک سافٹ ویر کے زریعے چالیس سے زائد پاکستانی زبانوں میں تحریر کو ممکن بناکر عالمی ریکارڈ قائم کرلیا

ہفتہ 15 نومبر 2014 18:38

پاکستانی نوجوان نے ایک سافٹ ویر کے زریعے چالیس سے زائد پاکستانی زبانوں ..

چترال(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء)پاکستانی نوجوان نے ایک سافٹ ویر کے زریعے چالیس سے زائد پاکستانی زبانوں میں تحریر کو ممکن بناکر عالمی ریکارڈ قائم کرلیا، نوجوان کا تعلق چترال سے ہے،اس سافٹ ویر کو رحمت عزیز چترالی نے مفت پیش کرکے اپنی زبان دوستی کا ثبوت دیا ہے، ادبی حلقوں نے حکومت پاکستان سے رحمت عزیز چترالی کے لیے تمغہ برائے حسن کارکردگی کی سفارش کی ہے، تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کی وادی کھوت سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویر ڈیزائنر اور کمپیوٹر سائنسدان رحمت عزیز چترالی نے ایک ایسا مفت سافٹ ویر ایجا د کیا ہے کہ جس کی مدد سے اردو، کھوار، توروالی، گاوری، اوشوجی، شینا، بلتی، دامیڑی، پالولہ، انڈس کوہستانی، ہندکو، پنجابی، بلوچی، براہوی، گوجری، ڈوماکی، فارسی، یدغہ، پوٹھوہاری، اُرمڑی، مداک لشٹی، چترالی، سرائیکی، بدیشی، بٹیری، گورو، کالام کوہستانی، آئیر، چیلیسو،دری، گواربتی اورکامویری جیسی غیرتحریری زبانوں میں تحریر ممکن ہوگئی ہے جوکہ ایک عالمی ریکارڈ ہے ، رحمت عزیز چترالی کا تیار کردہ یہ دنیا کا واحد سافٹ ویر ہے کہ اس کی مدد سے بے شمار زبانوں میں تحریر ممکن ہوگئی ہے جوکہ رحمت عزیز چترالی کا اپنے پیارے وطن پاکستان اور اس میں بولی جانے والی زبانوں کے لیے ایک احسان سے کم نہیں،حکومت پاکستان ہرسال مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کو ادب، علم، کھیل، سائینس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایان خدمات انجام دینے پر ایوارڈ و اعزازات سے نوازتی ہے ، کیا ہی اچھا ہوتا کہ ہندوکش کے پہاڑوں کے دامن میں چھپے رحمت عزیز چترالی جیسے ہیرے کے لیے بھی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعلان کردے اور بے شمار خوبیوں کے مالک پاکستان کے اس نوجوان کو ان کی پاکستان کے لیے بے لوث خدمات کے صلے میں ایوارڈ و اعزازات سے نوازا جائے،اس ملٹی لینگویج ٹیکسٹ ایڈیٹر کے تین ورژن ہیں ، پہلا ورژن بیس ورژن کہلاتا ہے ، دوسرا شفٹ ورژن ہے اور تیسرا کنٹرول آلٹر ورژن ہے ، رحمت عزیز چترالی نے سندھی، بروشسکی،پشتو زبان کے لیے الگ سے سافٹ ویر بنائے ہیں جوکہ موجودہ پروجیکٹ میں شامل نہیں ہیں باقی چالیس سے زائد پاکستانی زبانوں میں یہ سافٹ ویر کام کرے گا، جو کام حکومت پاکستان اور لسانیات پاکستان کے قائم حکومتی اداروں کو کرنا چاہیے تھا وہ کام رحمت عزیز چترالی نے مفت پیش کردیا ہے، آ پ نے پاکستانی زبانوں کے لیے یہ سافٹ ویرایجاد کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے جو کہ لسانیات پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی، رحمت عزیز چترالی کا تعلق ضلع چترال کی وادی کھوت سے ہے اس سے قبل آپ نے چترال، سوات، وادی غذر(گلگت بلتستان)، افغانستان، ہندوستان اور چین میں بولی جانے والی زبان کھوار کا پہلا سافٹ ویر اور فانٹ ایجاد کرکے ہندوکش، ہمالیہ اور قراقرم کے برف پوش پہاڑوں کے دامن میں محبوس زبان کی تاریخ میں اپنا نام سنہرے حروف سے لکھوایا اور پاکستان کا نام روشن کرکے ایک مثالی کارنامہ انجام دیا ہے، رحمت عزیز خان پاکستانی زبانوں میں بچوں کے لیے کئی کتابیں تخلیق کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سال کی محنت شاقہ کے بعد ضلع چترال کی وادی کھوت سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے اپنی مادری زبان کھوارکے ساتھ ساتھ پاکستان کی چالیس سے زائد زبانوں کا سافٹ ویر تیار کرکے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا، اور لسانیات کی تاریخ میں عالمی ریکارڈ قائم کرلیا، لسانیات پاکستان کا یہ پہلا سافٹ ویر ہے جسے رحمت عزیز خان نے مفت پیش کردیا ہے اور اسے خریدنے ، کمپیوٹر میں انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں، کمپیوٹر کے سیٹنگ کو بھی تبدیل کیے بغیر اس سافٹ سے استفادہ کیا جاسکتا ہے، رحمت عزیز خان کھوار زبان کے شاعر ،ادیب ، کمپیوٹر سائنسدان اور لسانی ماہر ہیں انہوں نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے کلام کا پہلی بار کھوار زبان میں منظوم ترجمہ کیا ہے اور ان کی دیگرکتابوں میں گلدان رحمت، گلدستہء رحمت، گلزوخ، گلشن کھوار، کھوار قاعدہ، چترالی گرامر،گل افشانیات اقبال اور دیگر کئی کتابیں شامل ہیں ،آپ کی کتاب گل افشانیات اقبال کو اقبال اکیڈمی اور وزارت تعلیم نے شایع کیا ہے زبان و ادب اور صحافت کے فروع میں بے شمار خدمات انجام دینے پر آپ کو ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈ و اعزازات سے نوازا گیا ہے جن میں شندور ایوارڈ، چترال ہیومین ڈولپمنٹ ایوارڈ، شندور ایوارڈ(دوسری مرتبہ)، سندلسانیات(عالمی)، سند فضیلت، اینوویٹیو یوتھ ایوارڈ، پاکستان بارن اسٹار ایوارڈ آف نیشنل میریٹ(عالمی)،رائزنگ اسٹار ایوارڈ(فوٹوگرافی) وغیرہ شامل ہیں