سکھر اسمال ٹریڈرز کا شہری مسائل کے حل اور تاجروں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی، سماجی، تاجر، مذہبی تنظیموں کا اجلاس 20نومبر کو کرانے کا فیصلہ

ہفتہ 15 نومبر 2014 21:18

سکھر(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء)سکھر اسمال ٹریڈرز نے شہری مسائل کے حل اور تاجروں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی، سماجی، تاجر، مذہبی تنظیموں کا اجلاس 20نومبر جمعرات کے روز منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جس میں شہر بھر کی تنظیموں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کر کے شہری مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سکھر اسمال ٹریڈرز نے مختلف سیاسی، سماجی، تاجر، مذہبی ، تنظیموں کے نمائندوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے عوامی رابطہ مہم شروع کردی۔ سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاویدمیمن ، حاجی غلام شبیر بھٹو ، عبدالستار راجپوت، شکیل قریشی، پرویز چنہ، ذاکر بندھانی و دیگر ممبران نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی سلیم بندھانی، زونل انچارج شہزادہ گلفام ، سنی تحریک کے رہنما حافظ محبوب سہتو، کپڑا مارکیٹ کے رہنما حاجی محمد عمر و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کر کے انہیں اجلاس میں شرکت کرنے اور شہری مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے دعوت نامے دیئے جا رہے ۔