پولیس نے شدت پسندی کو فروغ دینے کے شبہ میں دومساجد پر چھاپے مار کر سیکڑوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا

منگل 18 نومبر 2014 12:10

پولیس نے شدت پسندی کو فروغ دینے کے شبہ میں دومساجد پر چھاپے مار کر سیکڑوں ..

نیروبی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 18نومبر 2014ء) کینیا میں پولیس نے شدت پسندی کو فروغ دینے کے شبہ میں دومساجد پر چھاپے مار کر سیکڑوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔حکام کے مطابق ساحلی شہر ممباسا کی مسجد موسیٰ اور مسجد سکینہ پر پولیس چھاپوں کے دوران فائرنگ سے کم از کم ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ممباسا میں پولیس کے اعلیٰ افسر جیفری مائیک نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شدت پسند نوجوانوں کے ایک گروہ نے دونوں مساجد میں ہتھیار چھپا رکھے ہیں اور وہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مسجد موسیٰ پر چھاپے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہوا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق چھاپے علی الصباح اس وقت مارے گئے جب دونوں مساجد میں فجر کی نماز ادا کی جارہی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس افسر جیفری مائیک کے مطابق پولیس نے مسجدِ سکینہ سے تین دستی بم اور ایک پستول ‘مسجد موسیٰ سے پانچ دستی بم، چند چاقو اور بھالے برآمد کیے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران 251 نوجوانوں کو شدت پسندی میں ملوث ہونے کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے جن سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ممباسا کی شہری انتظامیہ کے نائب سربراہ محمد سالم نے شہر کی مسلمان آبادی سے درخواست کی کہ وہ دونوں مساجد کا انتظام دوبارہ سنبھال لے۔

متعلقہ عنوان :