Live Updates

تحریک انصاف شیخ رشید کو اشتعال انگیز تقریروں کیلئے استعمال کر رہی ہے ‘ پی ٹی آئی روش بند کر دے ورنہ پچھتانا پڑیگا ‘پرویز رشید

منگل 18 نومبر 2014 13:22

تحریک انصاف شیخ رشید کو اشتعال انگیز تقریروں کیلئے استعمال کر رہی ہے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 18نومبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف شیخ رشید کو اشتعال انگیز تقریروں کیلئے استعمال کر رہی ہے ‘ پی پی آئی روش بند کر دے ورنہ پچھتانا پڑیگا ‘ ہم عدالتوں کا احترام کر تے ہیں ‘ کسی وقت مجھے بلایا گیا تو پیش ہو جاؤنگا ‘ طاہر القادری اور عمران خان کو بھی عدالتوں کے احترام میں پیش ہو نا چاہیے ۔

ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تحریک انصاف یہ روش ترک کر دے ورنہ اسے بعد میں اس پر پچھتانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو عدالتوں کے سامنے پیش کر دینا چاہیے کیونکہ ان کی پارٹی انصاف کے نام پر بنائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی حملہ کیس میں طاہر القادری اور عمران خان دونوں کو اشتہاری قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی حملہ میں ملوث کئی ملزمان کو گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں ان کی ضمانتیں کرا لی گئیں اور پی اے ٹی اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور وکلاء نے انہیں جیل سے رہا کرا لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں، عدالت خود قانونی راستہ اختیار کرے گی۔ پرویز رشید نے کہا کہ پی ٹی وی پر حملے کی فوٹیج کو پورے ملک اور دنیا نے دیکھا تاہم اگر پاکستان تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ یہ من گھڑت کیس ہے تو اسے عدالت سے رجوع کرنا چاہئے۔

پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے لانگ مارچ کے شروع سے اشتعال انگیز تقریریں کیں جن سے شرکاء میں اشتعال پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری نے جب پی ٹی وی پر حملہ کے بارے میں عوام کا ردعمل دیکھا تو انہوں نے جلد اپنے کارکنوں کو وہاں سے واپس بلا لیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن واقعہ پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے ‘ ایک نئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ قانون کا بہت احترام کرتے ہیں اور اگر کسی وقت مجھے کسی عدالت نے بلایا تو میں اسی وقت اس کے سامنے پیش ہو جاؤں گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ میں نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا اور میں مارشل لاء کورٹس میں بھی پیش ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جو آج کہہ رہے ہیں بعد میں اس سے انکاری ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری دونوں سٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات