Live Updates

وفاق خیبر پختونخوا حکومت کو ناکام کرنا چاہتا ہے، عمران خان

منگل 18 نومبر 2014 17:14

وفاق خیبر پختونخوا حکومت کو ناکام کرنا چاہتا ہے، عمران خان

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت کو ناکام کرنا چاہتی ہے۔ صوبائی حکومت اپنے حقوق کے حصول کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔پشاور میں ہیلتھ ریفارمز کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختوںخوا میں اس وقت تیس لاکھ آئی ڈی پیز موجود ہیں جن کی امداد وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی مدد نہیں کی جا رہی۔

یوں لگتا ہے کہ مرکزی حکومت خیبر پختوںخوا حکومت کو ناکام بنانا چاہتی ہے۔ صوبے کو بجلی، گیس اور پانی کی مد میں رائلٹی نہیں دی جا رہی۔ بجلی کا خالص منافع ابھی تک نہیں ملا۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے حقوق کے حصول کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ڈاکٹروں کے تحفظات دور کرے گی۔ ڈاکٹروں کے ساتھ بیٹھ کر نظام بنائیں گے۔

پشاور کے ہسپتالوں میں پانچ لاکھ مریض روزانہ آتے ہیں جن کو سہولیات دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اے این پی کو اب نہیں بولنا چاہئے۔ سب کو پتہ ہے کہ ان کے دور میں کتنی کرپشن ہوئی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے آزاد احتساب کمیشن تشکیل دیا ہے جو بلاامتیاز ہر ایک کے خلاف کارروائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پہلے سٹرکچر تشکیل دینا ہے۔ سٹرکچر تشکیل دینے کے بعد سسٹم بنے گا۔ پل اور سڑکیں بنانے سے نظام نہیں بن سکتا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :