Live Updates

عمران خان نے خیبرپختونخوا کابینہ سے منظور ہیلتھ ایکٹ پر ڈاکٹرز سے مشاورت کی یقین دہانی کروا دی

منگل 18 نومبر 2014 20:11

عمران خان نے خیبرپختونخوا کابینہ سے منظور ہیلتھ ایکٹ پر ڈاکٹرز سے مشاورت ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 18نومبر 2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صوبائی کابینہ سے منظور ہونیوالے ہیلتھ ایکٹ پر ڈاکٹرز سے مشاورت کی یقین دہانی کروادی ۔اس سلسلے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پشاور کے سینئر ڈاکٹرز سے ایک مشاورتی اجلاس سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک،سپیکر اسد قیصر،ڈپٹی سیکر امتیاز شاہد قریشی،صوبائی وزراء شاہرام خان ترکئی،علی امین گنڈا پور،شاہ فرمان ،عاطف خان،مشتاق غنی ،ایم پی ایز فضل الہی ،زرین ریاض، ایم این اے انجینئر حامد الحق صوبائی جنرل سیکرٹری تحریک انصاف خالد مسعوداور امریکہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر برکی اور انصاف ڈاکٹرز فورم کے دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ڈاکٹرز نے نئے منظور ہونیوالے ہیلتھ ایکٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات اور مسائل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے سامنے تفصیل سے پیش کئے جس پر عمران خان نے ایکٹ اسمبلی سے منظور ہونے سے قبل ڈاکٹرز سے مشاورت کرنے کی یقین دہانی کروادی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز نے پرائیوٹ پریکٹس سمیت دیگر مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شروع سے ہی ایک مشن ہے کہ صوبے میں صحت اور تعلیم کا نظام بہتر بنایا جائے کیونکہ جب تک ایک سسٹم نہیں ہو گا تب تک معاملات ٹھیک نہیں ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں اختیارا ت اپنے پاس رکھنے کا کوئی شوق نہیں،تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا شہباز شریف کا کام ہے جو اختیارات پاس رکھ کر پیسہ بناتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ مغربی سسٹم کی کامیابی کا راز یہی ہے کہ وہاں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جاتے ہیں اور لوگ اپنے ہسپتالوں ،سکولوں وغیرہ کا نظام خود چلاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کے قیام کے وقت لوگ کہتے تھے کہ یہ کامیاب نہیں ہو گا اور کینسر کے مرض کا مفت علاج ممکن نہیں لیکن ہم نے اسے کامیاب کر کے دکھایا کیونکہ اس کے پیچھے غریبوں کی فلاح کی سوچ تھی ۔

عمران خان نے کہا کہ چھاپے مارنے سے سسٹم ٹھیک نہیں ہو گا بلکہ اس کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں تمام اختیارات ہسپتال کے اندر ہی ہونگے ۔ادارے کے سربراہ کو ہائرنگ اور فائرنگ کا اختیار حاصل ہو گا کیونکہ اختیارات دیکر ہی ذمہ داری دی جا سکتی ہے ،اختیار کے بغیر کوئی ذمہ داری پوری نہیں کر سکتا۔انھوں نے کہا کہ ہیلتھ ایکٹ کے حوالے سے ڈاکٹرز سے مکمل مشاورت کی جائیگی اس حوالے سے انھوں نے صوبائی وزیر صحت شاہرام خان ترکئی کو ہدایت بھی جاری کی تاکہ ڈاکٹرز سے مشاورت کی جا ئے۔مشاورتی اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹرز نے گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :