Live Updates

نواز شریف اصلی مجرم، کرپشن، منی لانڈرنگ اور سپریم کورٹ پر حملے میں ملوث رہے، عمران خان

منگل 18 نومبر 2014 20:35

نواز شریف اصلی مجرم، کرپشن، منی لانڈرنگ اور سپریم کورٹ پر حملے میں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی وی پر حملے کا الزام لگا کر میرے خلاف مقدمہ بنانا اور مجھے اشتہاری قرار دینا ایک عجیب الزام ہے،کیوں کہ نہ تو میں اس وقت ان لوگوں میں موجود تھا اور نہ ہی کسی طرح ملوث تھا، میاں صاحب اور ان کی ٹیم نے اس طرح کا الزام لگا کر غلطی کی ہے انہیں الزام لگانا ہی تھا تو سوچ سمجھ کر لگاتے۔

ڈی چوک میں جاری دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سابق ایم ڈی پی ٹی وی کا کہنا ہے کہ میں 35سال سے اس ادارے میں کام کر رہا تھا مگر مجھے بھی نہیں معلوم کہ ٹرانسمیشن کہاں سے بند ہوتی ہے، جب فوج نے 1999 میں جب پی ٹی وی کی نشریات بند ہوئیں تو انہیں بھی ایک گھنٹہ لگا تھا مگر ہمارے دھرنے کے دوران جب پی ٹی وی پر حملہ ہوا تو چند منٹوں میں ہی ٹرانسمیشن بند کروا دی گئی، اس سے صاف واضح ہے کہ یہ میچ اندر سے ہی فکس کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کی تصاویر جاری کی گئیں مگر پتا چلا کہ 6 افراد تو پی ٹی وی کے اپنے ملازم ہیں۔کپتان نے کہا کہ یہ حکومت ہمیں اپنے حقوق مانگنے پر مجرم قرار دے رہی ہے حالانکہ اصلی مجرم تو یہ خود ہیں، میاں نواز شریف کی کرپشن پر برطانوی ادارے بی بی سی نے دستاویزی فلم بنائی گئی جس میں بتایا گیا کہ رائیونڈ کا یہ محل کس طرح بنایا گیا ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کا غیر قانونی پیسہ منی لانڈرنگ کر کے اسحاق ڈار نے بیرون ملک منتقل کیا اور اس پر انہوں نے بیان حلفی بھی جمع کروا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس وقت نواز شریف وزیر اعظم تھے، انہوں نے سپریم کورٹ میں اپنے خلاف چلنے والے مقدموں سے جان چھڑانے کے لئے انہوں نے سپریم کورٹ پر ہی حملہ کروا دیا، اس واقعے کی آ ج بھی ویڈیو موجود ہے مگر وہ آ ج پھر اس ملک کے وزیر اعظم بن کر بیٹھے ہیں اور پر امن احتجاج کرنے والوں کو گولیاں مارتے ہیں اور جھوٹے مقدمے بناتے ہیں۔ شرکاءسے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حکومت کی دھاندلی اور کرپشن پر احتجاج جاری رکھیں اور ہمارے اس احتجاجی دھرنے کو سو روز مکمل ہونے والے ہیں اور جمعے کے روز ہم اس کا جشن بھی منائیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات