سرگودھا ، ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ناقص سہولیات کے باعث 7نومولود دم توڑ گئے

بدھ 19 نومبر 2014 11:46

سرگودھا ، ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ناقص سہولیات کے باعث 7نومولود دم توڑ گئے

سرگودھا/لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء )سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے نرسری وارڈ میں ناقص سہولیات کے باعث7 زیر علاج نومولود بچے جاں بحق ہوگئے۔ بدھ کو سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کی نرسری وارڈ میں دوران طبی امداد کے لئے لائے گئے نومولود بچوں میں سے 7 جاں بحق ہوگئے۔دم توڑنے والے بچوں کے والدین نے کہا ہے کہ ان کے جگرگوشے ہسپتال میں آکسیجن کی کمی اور دیگر طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث دنیا سے منہ موڑ گئے ، اس سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ بھی کیا گیا تھا لیکن انہوں نے کسی بھی قسم کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ کیوہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اقبال سمیع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ ہسپتال میں طبی سہولیات کی کوئی کمی نہیں، اس وقت بھی نرسری میں 50 سے زائد بچے زیر علاج ہیں۔ دم توڑنے والے بچوں کو انتہائی تشویشناک حالت میں مختلف نجی ہسپتالوں سے لایا گیا تھا اور ان کی جان بچانے کے لئے وہاں موجود ڈاکٹروں نے اپنی بھرپور کوششیں کی تھیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ۔