Live Updates

عمران خان سیاسی حریفوں کیخلاف غیر مہذب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں ‘سعد رفیق

بدھ 19 نومبر 2014 12:39

عمران خان سیاسی حریفوں کیخلاف غیر مہذب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی حریفوں کیخلاف غیر مہذب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں ‘عوام نے عمران خان کو بلا وجہ تنقید کیلئے نہیں خیبر پختون خوا میں کار کر دگی بہتر بنانے کیلئے ووٹ دیئے ہیں ‘ 375کنال سے بڑے گھر میں رہنے والا غریب عوام کی نمائندگی کیسے کرسکتا ہے ؟پارلیمنٹ ہی سب سے بہترین فورم ہے جسے مسائل کے حل کیلئے استعمال کرنا چاہئے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں مسائل کے حل کیلئے ووٹ دیئے ہیں نہ کہ غیر ذمہ دارانہ رویئے اور غیر مہذب زبان کے استعمال کیلئے دیئے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو چا ہئے کہ وہ دوسری حکومتوں پر بلاوجہ تنقید کی بجائے خیبر پختونخوا میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کتنی حیران کن بات ہے کہ عمران خان جو کہ 375 کنال سے بڑے گھر میں رہتے ہیں تاہم دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ معاشرے کے غریب افراد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان روزانہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر بغیر کسی ثبوت کے سیاسی جماعتوں کے قائدین پر الزام تراشی کرتے ہیں جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کا تو کوئی ایجنڈا ہی نہیں وہ عام انسان کی فلاح کیلئے کیا کرے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں ہیں جو کسی پر کیچڑ اچھالنے پر یقین نہیں رکھتیں۔ جمہوری جماعتیں ہمیشہ مناسب پلیٹ فارم کو ہی مسائل کے حل کیلئے استعمال کرتی ہیں جو کہ پارلیمنٹ ہے۔ پارلیمنٹ ہی سب سے بہترین فورم ہے جسے مسائل کے حل کیلئے استعمال کرنا چاہئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :