سیاسی بحران کا حل صرف مذاکرات میں ہے ، فریقین کو سنجیدگی کے ساتھ مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا ‘ چوہدری محمد سرور

بدھ 19 نومبر 2014 16:27

سیاسی بحران کا حل صرف مذاکرات میں ہے ، فریقین کو سنجیدگی کے ساتھ مل ..

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ جو قابل توجہ اور حل طلب ہے وہ معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ اور ہر سطح اور مقام پر میرٹ کا نفاذ ہے ، بدقسمتی سے آج کرپشن کے عفریت نے پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس سے ناانصافی ، حق تلفی اور عوام میں احساس محرومی روز بروزبڑھ رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سعودی عرب سے آئے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے 6رکنی وفدجس کی قیادت خالد رانا کر رہے تھے سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ وفد میں ناصر محمود ، چوہدری یوسف جٹ اور حافظ امیر علی بھی شامل تھے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قائد اور اقبال  کی فکر اور سوچ کا یہ ملک چند مراعات یافتہ طبقے کے لیے نہیں بلکہ عوام الناس کے لیے معرض وجو دمیں آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ہم سب کو اکٹھے ہو کر اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ قانون کی بالادستی ، انصاف کی فراہمی ، غربت اور جہالت کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہو گی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں توانائی کے بحران کے فوری حل کے لیے مختلف میگا پراجیکٹس پر عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ اس بنیادی مسئلے کو حل کر کے عوام کی تکالیف اور مسائل کا نہ صرف حل نکالا جائے بلکہ ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو بھی آسان کر دیا جائے ۔

موجودہ سیاسی بحران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ میں آج بھی اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ سیاسی بحران کا حل صرف اور صرف مذاکرات میں ہے ، دونوں فریقین کو سنجیدگی کے ساتھ مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا تاکہ ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ مسلم لیگ (نون ) سعودی عرب کے وفد نے گورنر پنجاب کو سعودیہ کے دورے کے دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ۔

دریں اثناء گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے پرائیویٹ سکول مالکان کو ہدایت کی کہ وہ طلباء و طالبات کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے اپنے ادارو ں میں مناسب انتظامات کریں ۔پرائیویٹ سکول مالکان کے مسائل اور انہیں کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہا نی کرائی ۔وفد نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے گورنر پنجاب کی طرف سے ذاتی طور پر دلچسپی لینے پر گورنر پنجا ب کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :