دھرنے والوں کو ملک کا خیال ہے نہ عوام کا ،ترقی کے دشمن صرف ذاتی مفادات کی سیاست کر رہے ہیں‘ شہبازشریف

بدھ 19 نومبر 2014 17:31

دھرنے والوں کو ملک کا خیال ہے نہ عوام کا ،ترقی کے دشمن صرف ذاتی مفادات ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو اپنے منفی طرز عمل پر نظرثانی کرنی چاہیے ،دھرنا دینے والوں کو عوام کا کوئی خیال ہے نہ ملک کا، ملک و قوم کی خوشحالی کے دشمن صرف ذاتی مفادات کی خاطر ضد اور انا کی سیاست کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سابق رکن اسمبلی رانا مبشر اقبال اور دیگر منتخب ارکان اسمبلی سے گفتگو کر تے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پرعزم ہے اور نیک نیتی سے عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے۔ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والوں نے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ دھرنے والوں نے کن مقاصد کی تکمیل کیلئے عالمی شخصیات کے دوروں کو ملتوی کرایا۔

چین کے صدر کا انتہائی اہم دورہ ملتوی ہونے سے بجلی کے منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھارہی ہے اور حکومت کی گذشتہ ڈیڑھ برس کی خدمت خلق کی سیاست اور شاندار کارکردگی کی بنا پردھرنوں کی سیاست بری طرح ناکام ہوئی ہے اورعوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔

حکومت نئے عزم کے ساتھ معاشی بحالی کیلئے کام کررہی ہے۔ہمارے ارادے مضبوط،نیت صاف اورسمت درست ہے،یہی وجہ ہے کہ18کروڑ عوام نے دھرنا سیاست سے لا تعلقی ظاہر کر کے ثابت کردیا ہے کہ ملک انتشار یا احتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا بلکہ یہ وقت اتحاد اوراتفاق کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے کامیاب ترین حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان اورچین کے مابین کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبے طے پائے ہیں۔

ان منصوبوں کو تیزرفتاری سے اورنہایت شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گااوران منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے توانائی کے بحران کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی منزل ضرور حاصل کرے گااورمسائل کے چنگل سے نجات حاصل کر کے ترقی اورخوشحالی کی منزل پر گامزن ہوگا۔رکن اسمبلی رانا مبشر اقبال نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری طلحہ برکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔