غیر ضروری جگہوں پر تعینات 800 پولیس گن مینوں کوواپس بلا کرپولیس اسٹیشنوں میں تعینات کردیا گیا

بدھ 19 نومبر 2014 23:20

غیر ضروری جگہوں پر تعینات 800 پولیس گن مینوں کوواپس بلا کرپولیس اسٹیشنوں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء ) صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ پولیس کی تمام گاڑیوں میں پی آئی ٹی بی کے ذریعے ٹریکنگ سسٹم لگایا جائے گا جو ایمر جنسی کال سروس 15 کے ساتھ منسلک ہو گاجس سے کسی قسم کی نا گہانی صورتحال سے زیادہ بہتری کے ساتھ نمٹا جا سکے گا ۔ یہاں سول سیکرٹریٹ میں امن وامان اورپولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے منعقد ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ پولیس سے متعلق تمام عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے کیونکہ پولیس اور عوام کے باہمی رشتے اور تعلق کو مضبوط کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ غیر ضروری جگہوں پر تعینات800 پولیس گن مینوں کو واپس بلا کر انہیں پولیس اسٹیشنوں میں تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ مزید پولیس کانسٹیبلوں کو بھی واپس بلایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق پولیس کو صحیح معنوں میں عوام کا خادم بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس کو پیشہ وارانہ ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی اور پولیس کو تمام ضروری سامان، آلات، ہتھیاروں اور حفاظتی لباس سے لیس کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر صوبائی دارالحکومت کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر نائٹ ویژن کیمرے لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں پولیس کے نظام کو تین اضلاع میں تقسیم کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا جارہا ہے جس سے گورننس میں نمایاں بہتری آئے گی۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ زندگی کے کسی بھی شعبہ سے وابستہ افرادکے کسی بھی مسئلے پر احتجاج کرنے کی صورت میں متعلقہ وزیر اور سیکرٹری کو حرکت میں آنا ہو گا جبکہ پولیس اس ضمن میں صرف معاون کا کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے84 پولیس اسٹیشنوں کی عمارتوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے منصوبے پر بھی جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشنوں پر پی آئی ٹی بی کے نمائندے تعینات کرئے جارہے ہیں جو کمپیوٹر پر آنے والے شخص کی شکایت نوٹ کریں گے اور ان شکایات کے حوالے سے روز شام کو متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او درج کئے جانے شکایات کی روشنی میں باہمی میٹنگز کرکے اس کا ازالہ کریں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشنوں کے متعلقہ علاقوں میں گشت کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے فول پروف حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔اجلاس میں کیپٹیل پولیس آفیسر امین وینس ،ڈی آئی جی آپریشن اور دیگر اعلی پولیس افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :