عمائمہ ملک ایک بار پھر بالی ووڈ میں تہلکہ مچانے آ گئی

جمعہ 21 نومبر 2014 13:11

عمائمہ ملک ایک بار پھر بالی ووڈ میں تہلکہ مچانے آ گئی

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) اداکارہ عمائمہ ملک نے ایک مرتبہ پھربالی وڈ میں تہلکہ مچانے کے لیے نئے پروجیکٹ پرکام شروع کردیا۔کثیر سرمائے سے بننے والی فلم کے نام اورکاسٹ کوخفیہ رکھا گیا ہے لیکن فلم کی کہانی، میوزک اورجدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے بالی ووڈ کے فلمی حلقوں میں اس کے چرچے عام ہورہے ہیں۔ فلم کی ہیروئن عمائمہ ملک کومنفرد کرداراوراندازمیں پیش کیے جانے کی خبریں بھی بھارتی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں جس کے بعد بہت سی بالی ووڈ اداکارائیں فلم کے بارے میں جاننے کے لیے اپنے خاص ذرائع سے رابطہ کررہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کے ایک معروف سْپراسٹار فلم میں عمائمہ ملک کے مدمقابل ہونگے اور بالی ووڈ کے فلمی پنڈتوں نے ابھی سے فلم کے بڑے بزنس کی پیش گوئی کردی ہے۔

(جاری ہے)

جب اس سلسلہ میں عمائمہ ملک سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ بالی ووڈ کے اکثر و بیشتر فلمساز ادارے فنکاروں سمیت فلم کی ٹیم میں شامل لوگوں سے یہ معاہدہ طے کرتے ہیں کہ کوئی بھی شخص فلم کے نام، کام اورلوکیشنز کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کریں گے۔

یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ میں بڑے بجٹ سے بننے والی فلموں کے بارے میں اسی وقت لوگوں کو پتہ چلتا ہے جب باقاعدہ فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کیا جاتا ہے اور وہ سب کے لیے سرپرائز رہتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک نے کہا کہ بالی ووڈ میں تو میں نے متعدد پروجیکٹس سائن کر رکھے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی فلموں کے علاوہ دیگر پروجیکٹس پرکام کررہی ہوں۔ حال ہی میں ایک موبائل فون کمپنی نے مجھے اپنا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا ہے۔ اس طرح سے میری کامیابیوں اور اعزازات ملنے کا سلسلہ جاری ہے جو میری والدہ کی دعاوٴں کی بدولت ہے۔