ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے بھی ریکارڈ ز بک میں اپنا نام درج کروا لیا

جمعہ 21 نومبر 2014 13:39

ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے بھی ریکارڈ ز بک میں اپنا نام درج کروا ..

دبئی (اردو پوائنٹ اخبار تاز ہ ترین ۔ 21نومبر 2014ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے اپنی شاندار باؤلنگ کی بدولت ریکارڈ ز بک میں اپنا نام درج کروا لیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ کے پانچویں روز جب نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز ڈکلیئر کی تو اس وقت ذوالفقار بابر 6میچز کے بعد 33اور یاسر شاہ 4ٹیسٹ کھیل کر 23شکار کر چکے تھے ۔

پاکستان کی جانب سے اپنے پہلے 6ٹیسٹ میچز میں زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز شبیر احمد کو حاصل تھا جنہوں نے 33مہرے کھسکائے ہوئے تھے تاہم ذوالفقا ر بابر نے انکا یہ ریکارڈ برابر کر دیا ہے ۔ اس فہرست میں لیگ سپنر دنیش کنیریا اور لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمان 31،31 وکٹوں کے ہمراہ بالترتیب دوسرے اور تیسرے اور فاسٹ باؤلر محمد آصف 30وکٹوں کے ہمراہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے اپنے پہلے چار ٹیسٹ میچز میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنیکا اعزاز لیگ سپنر دنیش کنیریا کو حاصل ہے جنہوں نے 25کھلاڑی واپس پوولین بھیجے تھے ۔ انکے بعد دوسرا نمبرفاسٹ باؤلر شبیر احمد کا ہے جنہوں نے 23وکٹیں حاصل کیس تھیں تاہم یاسر شاہ نے 23وکٹیں حاصل کرکے ان سے یہ اعزاز چھین لیا ہے ۔ اس فہرست میں چوتھا اور پانچواں نمبر بالترتیب لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمان اور ذوالفقار بابر کا ہے جنہوں نے 20،20کھلاڑی آؤٹ کیے تھے ۔