امریکی فوجی 2015 میں بھی افغانستان میں جنگی کارروائیوں میں شامل رہیں گے ‘ امریکی صدر نے دستخط کر دیئے

ہفتہ 22 نومبر 2014 12:19

امریکی فوجی 2015 میں بھی افغانستان میں جنگی کارروائیوں میں شامل رہیں ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء) صدر اوباما نے آئندہ سال افغانستان میں امریکی افواج کی کارروائیاں بڑھانے کے اختیار میں توسیع کے منصوبے پر دستخط کر دئیے۔امریکی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر اوباما نے افغانستان میں امریکی افواج کے دائرہ اختیار میں توسیع کے منصوبے پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے تحت امریکی فوجیوں کوافغانستان میں 2015 میں براہ راست کارروائیوں کے لیے اختیارہوگا۔

نئے حکم کے مطابق امریکی لڑاکا طیارے،بمبار طیاریاور ڈرونز افغان افواج کے ساتھ طالبان اور شدت پسند وں کے خلاف لڑائی میں تعاون کریں گے۔رواں سال مئی کے مہینے میں امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ سال امریکی افواج کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں ہوگا اور 2015 میں افغانستان میں رہ جانے والے 9800 امریکی فوجیو ں کی مصروفیت افغان افواج کو تربیت دینے اور القائدہ کی باقیات کے خلاف ایکشن تک محدود رہیں گی نیویارک ٹائمز کے مطابق براک اوباما نے یہ فیصلہ حالیہ چند ہفتوں میں قومی سلامتی پر اپنے مشیروں سے بات چیت کے بعد کیا ۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کے براک اوباما کے نئے احکامات کے تحت اب امریکی فوجی 2015 میں بھی طالبان سمیت ان شدت پسند گروپوں کے خلاف کارروائیاں کریں گے جو افغان حکومت اور افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ امریکی فوجی طالبان کے خلاف اس صورت میں کارروائی کریں گے جب وہ یا تو افغانستان میں موجود امریکی و اتحادی افواج کے لیے خطرہ بنیں یا پھر القاعدہ کی براہِ راست مدد کرتے پائے جائیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر کا یہ فیصلہ اس بحث کے بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکی صدر کے افغانستان میں جنگ ختم کرنے کے وعدے کے بعد محکمہ دفاع نے مطالبہ کیا تھا کہ امریکی فوج کو افغانستان میں اس کے بقیہ مشن مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :