احمد شہزاد تاحال سر پر لگنے والی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہوسکے

ہفتہ 22 نومبر 2014 12:37

احمد شہزاد تاحال سر پر لگنے والی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہوسکے

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد ابھی تک سر پر لگنے والی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔ البتہ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں ڈاکٹروں نے انہیں پریکٹس شروع کرنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔ امکان ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

انہی پندرہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جائے گا جنہوں نے دبئی ٹیسٹ کھیلا تھا۔ احمد شہزاد ابوظبی ٹیسٹ میں کورے اینڈرسن کی گیند سر پر لگنے سے زخمی ہوئے تھے اور ان کے سر کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا تھا۔ اب بھی احمد شہزاد سر میں ہلکی تکلیف محسوس کررہے ہیں۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے احمد شہزاد کو مزید چند دن آرام کا مشورہ دیا ہے اور امکان ہے کہ وہ پیر سے پریکٹس شروع کریں گے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

امکان ہے کہ شارجہ میں بدھ سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی اننگز کا آغازشان مسعود اور توفیق عمر کریں گے۔ ٹیم انتظامیہ دونوں اوپنرز کو مزید چانس دینا چاہتی ہے۔ محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن کا بایو میکنیکس ٹیسٹ کرانے کے بعد شارجہ ٹیسٹ سے قبل پہنچ جائیں گے تاہم اس بات کے امکانات کم ہیں کہ وہ میچ میں شرکت کریں۔