پاکستانی فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مرادکی 31ویں برسی کل منائی جائے گی

ہفتہ 22 نومبر 2014 12:49

پاکستانی فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مرادکی 31ویں برسی کل منائی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء) ستارہ امتیاز ، پرائیڈ آف پرفارمنس ، پاکستانی فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مرادکی 31ویں برسی کل منائی جائے گی۔ اس مناسبت سے وحید مراد لورز فیڈریشن ،فلمی تنظیموں اور انکے پرستاروں کی جانب سے مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جن میں وحید مراد کی پاکستان کی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

وحید مراد کی برسی کی مناسبت سے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی ۔ وحید مراد 2اکتوبر 1938ء کو کراچی میں معروف فلم ڈسٹری بیوٹر نثار مراد کے گھر پیدا ہوئے۔ فلم انڈسٹری کے رومانٹک اور سٹائلش ہیرو کے طور پر پہچانے جانے والے اداکار وحید مراد نے ایس ایم یوسف کی فلم اولاد سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیااور بہت جلد کروڑوں لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرنے لگے ۔

(جاری ہے)

انکا ہیئر سٹائل نوجوانوں میں بے پناہ مقبول ہوا۔ وحید مراد نے اولاد ، انسان بدلتا ہے، جب سے تمہیں دیکھا ہے ، بہارو پھول برساؤ، مستانہ ماہی،ناگ منی، ثریا بھوپالی، دیو ربھابھی، انجمن ، سالگرہ ، ارمان، ہیرا اور پتھر، عندلیب، مستانہ ، ہیرو،دل میرا دھڑکن تیری سمیت170سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے وحید مراد کی آخری فلم ہیرو تھی۔ وحید مراد 23نومبر 1983ء کو 45برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا گئے ۔

متعلقہ عنوان :