Live Updates

غداری کیس میں خصوصی عدالت کے نئے حکم سے پرویزمشرف کا کیس کھٹائی میں پڑ جائیگا ‘اعتزازاحسن

تسلیم کرنا چاہیے پی ٹی آئی نے لاڑکانہ میں بڑاجلسہ کیا ،مگر بڑے جلسوں سے ملک میں سیاسی تبدیلی نہیں آئیگی تیس نومبر کی کال پر امن نہ ہوئی تو تیسری قوت فائدہ اٹھائے گی اور الزام عمران خان پر آئے گا‘ مرکزی رہنما پیپلزپارٹی

ہفتہ 22 نومبر 2014 19:06

غداری کیس میں خصوصی عدالت کے نئے حکم سے پرویزمشرف کا کیس کھٹائی میں ..

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ غداری کیس میں خصوصی عدالت کے نئے حکم سے پرویزمشرف کا کیس کھٹائی میں پڑ جائیگا جس کا فائدہ پرویز مشرف کو ہی نہیں بلکہ اسٹیک ہولڈرز اور نواز شریف کو بھی ہو گا،تسلیم کرنا چاہیے کہ تحریک انصاف کا لاڑکانہ میں جلسہ بڑا تھا مگر بڑے جلسوں سے ملک میں سیاسی تبدیلی نہیں آئے گی ، 30نومبر کے جلسے کے باوجود وزیر اعظم استعفیٰ نہیں دیں گے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں عمران خان ین لاڑکانہ میں بڑا جلسہ کیا ہے اور اس پر سندھ حکومت کو ضرور غور کرنا چاہیے ۔پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے حوالے سے عدالتی فیصلہ کے متعلق اعتزاز احسن نے کہا کہ خصوصی عدالت سے پرویز مشرف کی درخواست پر 7میں سے 3سویلیئنز کو نوٹس ہوئے ہیں اور خصوصی عدالت کے حکم سے معاملہ تاخیر کا شکار ہو گا جس کا فائدہ پرویز مشرف کو ہی نہیں بلکہ اسٹیک ہولڈرز اور نواز شریف کو بھی ہو گا ۔

(جاری ہے)

تین سویلینز پر اب ازسر نو شہادتیں ریکارڈ ہونگی اور اگر یہ افراد اپیل یا رٹ میں جاتے ہیں تو پھر نئے سرے سے کیس کا آغاز ہوگا اور یوں یہ معاملہ سردخانے میں چلا جائے گا۔ ایمر جنسی کے نفاذ میں پرویز مشرف کے ساتھ مشاورت میں شریک افراد کی قانونی حیثیت سے متعلق سوال پر اعتزاز احسن نے کہا کہ قانون کی رو سے صرف مشورے ،مشاورت سے کسی کو قصور وار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ۔

ایمر جنسی کے نفاذ سے پہلے تائید پر کوئی قانونی گرفت میں نہیں آسکتا ۔انہوں نے عمران خان کی تیس نومبر کی کال پر کہا کہ تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے کے باوجود وزیر اعظم استعفیٰ نہیں دیں گے ۔30نومبر کا جلسہ پرامن ہوا تو 3دن میں یہ باب ختم ہو جائیگا تاہم اگر جلسہ تشدد کی طرف گیا تو مسائل ہو سکتے ہیں جسکا عمران خان کو بھی کوئی فائدہ نہیں ہو گابلکہ اسکا فائدہ تیسری قوت اٹھا سکتی ہے جس کا الزام عمران خان پر آئے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات