سعید اجمل کی ورلڈ کپ میں شرکت کی امید برقرار

پیر 24 نومبر 2014 12:44

سعید اجمل کی ورلڈ کپ میں شرکت کی امید برقرار

برمنگھم (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف اسپنرسعید اجمل کوورلڈ کپ میں شرکت کی اب بھی امید ہے۔ ایک غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں ان کا کہناتھا کہ مارک کنگ کی رپورٹ حوصلہ افزا ہے۔ بازو کا خم پندرہ ڈگری پر آ گیا۔ دوسرا اور چند ڈیلیوریز کو بہتر کرنے پر کام کر رہے ہیں۔بولنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی کا شکار سعید اجمل نے کہا کہ موجودہ دور کے ننانوے فیصد بولرز پندرہ ڈگری کا ٹیسٹ پاس نہیں کرسکیں گے۔

ان کی ایک یا زائد گیندیں قانونی حد سے زائد قرار پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بائیو مکینک ٹیسٹ کے دوران نیچرل بولنگ کرنا آسان نہیں ہوتا۔ اس صورتحال میں نتیجہ بہتر ہونا کیسے ممکن ہے؟ دو ہزار نو سے ان کے ہر ٹیسٹ میں نئی صورتحال سامنے آئی جو پہلے سے مختلف تھی۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے نتائج میں بھی تسلسل نہیں۔ ٹیکنالوجی کو سو فیصد درست ہونا چاہیئے۔سعید اجمل نے کہا کہ پیسرز کو بالکل نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

مہلک باوٴنسرز کے لیے مشہور ایک فاسٹ بولر پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ لوبرو یونیورسٹی میں ڈاکٹر مارک کنگ کے غیر رسمی ٹیسٹ کے نتائج کافی حوصلہ افزا ہیں۔ بیشتر گیندیں پندرہ ڈگری کی قانونی حد میں آگئی ہیں۔ثقلین مشتاق کی رہنمائی میں دوسرا سمیت چند ڈلیوریز کے لیے تکنیکی مسائل ختم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر کے پاس انگلینڈ میں موجود ٹیکنالوجی کی مدد سے تیزی سے بہتری آرہی ہے۔

اگلے ہفتے ایک اور غیر رسمی ٹیسٹ ہوگا جس کے بعد آئندہ ماہ آئی سی سی سے دوبارہ ایکشن کا جائزہ لینے کی درخواست کریں گے۔ ورلڈ کپ سے قبل کلیئر ہونے کی پوری امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ایکشن زیادہ تبدیل نہیں ہوا، صرف بازو کا خم قانونی حد میں لانے کے لیے کام کیا ہے۔