دنیا بھر میں چوبیس گھنٹے گونجنے والی آواز ’ اذان “ ہے

انڈونیشیاکے مشرقی جزائر سے فجر کی اذان کا آغاز ہوتا ہے جو دنیا کے طو ل و عر ض پر جا ری رہتاہے، رپورٹ

پیر 24 نومبر 2014 13:50

دنیا بھر میں چوبیس گھنٹے گونجنے والی آواز ’ اذان “ ہے

اسلا م آ با د (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) دنیا بھر میں چوبیس گھنٹے گونجنے والی آواز نماز کیلئے پکاری جانے والی ” اذان “ ہے جو کہ ہر وقت کانوں میں رس گھولتی ہے ۔ایک بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر وقت گونجنے والی آواز اذان ہے ہر روز انڈونیشیاکے مشرقی جزائر سے فجر کی اذان کا آغاز ہوتا ہے اور بیک وقت ہزاروں مئوذن اللہ تعالیٰ کی توحید اور نبی کریم ﷺ کی رسالت کا اعلان کرتے ہیں مشرقی جزائر سے یہ سلسلہ مغربی جزائرتک چلا جاتاہے ڈیڑھ گھنٹے بعدسماٹرا کے دیہات اور قصبات میں اذانیں ہونے لگتی ہیں یہ سلسلہ ایک گھنٹے بعد ڈھاکہ پہنچتا ہے بنگلا دیش میں اذانوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوتا کہ کلکتہ اورسری لنکا میں اذانیں شروع ہوجاتی ہیں دوسری جانب کلکتہ سے یہ سلسلہ ممبئی تک پہنچتا ہے اور پورے بھارت کی فضاتوحیدورسالت کے اعلان سے گونج اٹھتی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سری نگر اور سیالکوٹ میں فجر کی اذان کا وقت ایک ہی ہے جبکہ سیالکوٹ سے کراچی،کوئٹہ اور گوادرتک چالیس منٹ ہے اس عرصہ میں پاکستان میں فجر کی اذانیں گونجتی ہیں پاکستان میں یہ سلسلہ شروع ہونے سے پہلے افغانستان اور مسقط میں اذانیں شروع ہوجاتی ہیں مسقط سے بغداد تک ایک گھنٹے کا فرق ہے اس عرصہ میں سعودی عرب،یمن،متحدہ عرب امارات،کویت اور عراق تک اذانیں گونجتی رہتی ہیں بغداد سے سکندریہ تک پھر ایک گھنٹے کا فرق ہے اس وقت شام ،مصر،سوڈان،صومالیہ میں اذانیں ہوتی ہیں سکندریہ اور استنبول ایک ہی طول وعرض پر واقع ہیں وہاں سے مشرقی ترکی تک ڈیڑھ گھنٹے کا فرق ہے اس عرصہ میں شمالی امریکہ،لیبیا اور تیونس میں اذانیں شروع ہونے لگتی ہیں یوں فجر کی اذان جس کا آغاز انڈونیشیا کے مشرقی جزائر سے شروع ہوا تھاساڑھے نو گھنٹوں کا طویل سفرطے کرکے بحر اوقیانوس تک پہنچنے سے پہلے مشرقی انڈونیشیا میں ظہر کی اذان کا وقت ہوجاتا ہے ۔

اس طرح کرہ ارض پرایک بھی لمحہ ایسا نہیں گزرتاجب سینکڑوں،ہزاروں،لاکھوں مئوذن اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور نبی کریم ﷺ کی رسالت کا اعلان نہ کررہے ہوں یہ سلسلہ قیامت تک جاری وساری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :