قبائلی علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری ہے، خواجہ آصف

منگل 25 نومبر 2014 11:15

قبائلی علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25نومبر 2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ خطے میں امن کیلئے افغانستان میں استحکام ضروری ہے، دہشت گردی کی وجہ سے ملک کی معیشت کمزور ہوئی، انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ جاری ہے۔ اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز کے سیمینار کے بعد میڈیا سے گفت گو میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں امن انتہائی ضروری ہے، جب کہ ، خطے میں امن کیلئے افغانستان میں استحکام ضروری ہے، حکومت نے واضح کریا ہے کہ وہ افغانستان میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا، دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کمزور ہوئی،جب کہ دوسری جانب قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ جاری ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم مشرقی سرحد پر امن کے خواہاں ہیں، وزیراعظم سارک کانفرنس میں شرکت کيلئے آج روانہ ہو رہے ہیں، ہم آج بھی پُرامید ہیں کہ بھارت کیساتھ پُرامن تعلقات بحال ہونگے، نواز شریف نے بھارت کیساتھ امن اور مفاہمت کی خواہش کا اظہار کیا ہے، نواز شریف نے مودی حلف برداری تقریب میں امن کیلئے شرکت کی، بھارت ہمارے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔

(جاری ہے)

ملکی مسائل سے متعلق خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک کو توانائی اور انتہا پسندی جیسے دو بڑے بحران کا سامنا ہے، قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری ہے، روس کے ساتھ دفاعی تعاون پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ تعلقات بہترہو رہے ہیں، خطے میں امریکی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوئیں،امریکا کی ناکام پالیسیوں کا خمیازہ خطے کو بھگتنا پڑ رہا ہے، خطے میں امن خطے سے ہی آسکتا ہے۔ داعش سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ داعش کو شام کی حکومت کے خلاف بنایا گیا، داعش اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔