برسلز میں پاکستانی کوکرکٹ بیٹ لے جانے پر دہشتگرد قراردیدیا

منگل 25 نومبر 2014 20:18

برسلز میں پاکستانی کوکرکٹ بیٹ لے جانے پر دہشتگرد قراردیدیا

برسلز(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) برسلز میں پاکستانی نوجوان کوکرکٹ بیٹ لے جانے پر دہشت گرد قراردے دیا گیا جس کے بعد اس کے خاندان کو ملک بدری کا سامنا ہے۔ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 22سالہ کرکٹر عاصم عباسی کو برسلز کی پبلک ٹرانسپورٹ میں کرکٹ بیٹ لے جانے پر دہشت گرد قراردیا گیا ،جس کے بعد اْسے اور اس کے گھرانے کو بیلجئم سے ملک بدری کا سامنا ہے۔

برسلز پولیس نے عاصم عباسی کی ایک تصویر اْس کے ہتھیارکرکٹ بیٹ کے ساتھ تصویر شائع کی۔ اخبار میں تصویر دیکھتے ہی عاصم نے پولیس سے رابطہ کیا اور بتایا کہ اس کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا بلکہ وہ پریکٹس کیلئے کرکٹ بیٹ لے کر جارہا تھا۔عاصم نے بتایا کہ اس نے بارش کی وجہ سے بیٹ اپنی شرٹ میں لپیٹ لیاتھا کیونکہ گیلے بیٹ سے نہیں کھیلا جاسکتا تھا اخبار کے مطابق عاصم کے پولیس سے رابطہ کے باوجود پاکستانی سفارت خانہ نے عاصم کے والد کو جو ایک سفارت کار ہیں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر برطرف کردیاجس کے بعد پورا عباسی خاندان بیلئجم میں رہنے کا حق کھو چکا ہے عاصم نے اخبارکو بتایا کہ ہمیں سفارت خانے سے فون آیا کہ پاسپورٹ ،سفارت خانے کو دے دیئے جائیں اس نے کہا کہ ہم نے بیلجئم میں رہنے کا حق کھودیاہے،ہم نے اپنی تعلیم کھودی،ہم نے سب کچھ کھودیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفارت خانہ نے واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔