الیکشن ٹربیونل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147میں انتخابی دھاندلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

منگل 25 نومبر 2014 22:28

الیکشن ٹربیونل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147میں انتخابی دھاندلی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) الیکشن ٹربیونل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147میں انتخابی دھاندلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج کاظم علی ملک نے اس حلقے سے ناکام امیدوار شعیب لطیف کی درخواست پر سماعت کی۔شعیب لطیف نے مسلم لیگ کے امیدوار محسن لطیف کی کامیابی کو انتخابی عذر داری کے ذریعے الیکشن ٹربیونل کے روبرو چیلنج کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

انتخابی عذر داری میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ محسن لطیف انتخابی دھاندلی کے ذریعے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے لہٰذا لیکشن ٹربیونل انہیں نااہل قرار دینے کا حکم دے۔ الیکشن ٹربیونل نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد انتخابی عذر داری پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تاہم ٹربیونل نے فیصلے کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کے فیصلے سے مشروط کردیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے انتخابی نتائج کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے اسی الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا گیا۔ ٹربیونل ذرائع کے مطابق معاملہ ایک ہی جج کے پاس ہونے کی بناء پر فیصلے سے مشروط کیا گیا ہے۔