Live Updates

”آخر میں بھی کپتان ہوں پلان بنا لیا ہے“ ،30نومبر کو آئندہ کا لائحہ عمل دونگا جو بہت خوفناک ہوگا ‘ عمران خان

احتجاج کا مقام ہرگز تبدیل نہیں کرینگے، روکا گیا تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہو گی ،نواز شریف کی حسنی مبارک جمہوریت قبول نہیں،کل پریس کانفرنس کر کے عوام کو ثبوتوں کیساتھ بتاؤں گا انتخابات میں کیسے دھاندلی ہوئی ،سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے پول بھی کھولوں گا، نواز شریف کبھی بھی اپنے اثاثوں اور ٹیکس کی تفصیلات سامنے نہیں لائیں گے، اگر ایسا ہوا تو وہ فراڈ میں پکڑے جائیں گے،محمد زبیر نے چیئرمین شپ کے عہدے کیلئے ضمیر بیچا‘ پی ٹی آئی کے چیئرمین کی مختلف مقامات پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 نومبر 2014 19:56

”آخر میں بھی کپتان ہوں پلان بنا لیا ہے“ ،30نومبر کو آئندہ کا لائحہ عمل ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آخر میں بھی کپتان ہوں سارا پلان بنایا ہوا ہے ،30نومبر کو آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا جو بہت خوفناک ہوگا ،احتجاج کا مقام ہرگز تبدیل نہیں کریں گے روکا گیا تو نتائج کی ذمہ داری حکومت ہو گی ، کل ( جمعہ) کو پریس کر کے عوام کو ثبوتوں کے ساتھ بتاؤں گا کہ انتخابات میں کیسے دھاندلی ہوئی ، نواز شریف کی حسنی مبارک جمہوریت قبول نہیں،اسد عمر کے بھائی محمد زبیر نے چیئرمین شپ کے عہدے کیلئے ضمیر بیچا،نواز شریف کبھی بھی اپنے اثاثے اور ٹیکس کی تفصیلات سامنے نہیں لائیں گے اور اگر ایسا ہوا تو وہ فراڈ میں پکڑے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی ٹی آئی کے بانی رکن و سابق صدر پنجاب احسن رشید کی نماز جنازہ میں شرکت ،الیکشن ٹربیونل کے سامنے پیش ہونے کے بعد اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہ محمودقریشی‘ جہانگیر ترین‘ عارف علوی‘ میاں محمو د الرشید ‘ عبد العلیم خان‘ جمشید اقبال چیمہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

عمران خان نے کہا کہ کون کہتا ہے کہ 14اگست کے آزادی مارچ اور دھرنے سے حکومت کو فرق نہیں پڑا ، ہماری تحریک نے قوم کو بیدا ر کر دیا ہے ۔ گو نواز گو کے ہتھیار کی وجہ سے حکمرانوں نے خواتین اور بچوں کو بھی دہشتگرد قرار دیدیا ہے لیکن بتانا چاہتا ہوں کہ تیس نومبر کے جلسے میں سب سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے ہر دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ہر دروازہ بند کر دیا گیا۔

اب پر امن احتجاج کے لئے سڑکوں پر آئے تو پولیس کو چھوڑ دیا گیا ہے ۔ جب ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا جائے گا تو کیا ہم خاموش بیٹھے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو ہدایت کردی ہے کہ تیار ہو جائیں ،14اگست کی طرح اب مار نہیں کھائیں گے بلکہ اس مرتبہ جواب دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہوا ، ریٹرننگ افسران کے خلاف کریمنلز کیسز درج کرائیں گے ۔

حلقہ پی پی 147کے 110میں سے 60پولنگ اسٹیشنز کا ریکارڈ ہی دستیاب نہیں ۔31ہزار میں سے صرف آٹھ ہزار ووٹ درست ہیں اور حکمرانوں نے پورے ملک میں ایسے ہی انتخابات کرائے ہیں ۔دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک سے کسی صور ت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تیس نومبر کی کال سے خوفزدہ ہو کر کارکنوں کی گرفتاریاں اور ٹرانسپورٹ کی پکڑ دھکڑشروع کر دی ہے ، عوام اور کارکن تمام رکاوٹیں عبور کر کے اسلام آباد پہنچیں گے۔

حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ تیس نومبر کو روکا گیا تو نتائج کی ذمہ داری حکومت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے دھاندلی کریں اور پھر عوام کو انصاف نہ دیں،یہ نواز شریف کی جمہوریت ہے،نواز شریف کی حسنی مبارک جمہوریت قبول نہیں۔کل جمعہ کو پریس کانفرنس کر کے عوام کو ثبوتوں کے ساتھ بتاؤں گا کہ انتخابات میں کیسے دھاندلی ہوئی۔ اب حکمرانوں کے پول کھولیں گے کہ کس طرح سرکاری وسائل بے دریغ استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل اتوار کو پیش کروں گا جو بہت خوفناک ہوگا ۔ آخر میں بھی کپتان ہوں سارا پلان بنایا ہوا ہے ۔ انہوں نے شریف برادران کے اثاثوں اور ٹیکس ادائیگیوں کے معاملات کو میڈیا میں لانے کے اعلان کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ کبھی بھی ایسا نہیں کریں گے اگر ایسا کریں گے تو فراڈ میں پکڑے جائیں گے۔ انہوں نے تیس نومبر کو احتجاج کا مقام تبدیل کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اپنے اعلان کردہ مقام پر ہی اجتماع منعقد کریں گے اور حکومت کسی بھی طرح کی رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے ۔

عمران خان نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ محمد زبیر اسد عمر کا بھائی ہے اس کا اچھے خاندان سے تعلق ہے لیکن اسکے الزامات قابل مذمت ہیں ۔محمد زبیر کی قیمت ایک چیئرمین شپ ہے، اپنا ضمیر فروخت کیاگیا، محمد زیبر کو الزام تراشیوں پر شرم آنی چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ احسن رشید کی پارٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کا بہت ساتھ دیا۔مرحوم نے شوکت خانم ہسپتال کیلئے بھی بہت مدد کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات