درخت پرلٹکی دو لڑکیوں کی پراسرار ہلاکت ،واقعہ خودکشی تھی،بھارتی تفتیش کار

جمعرات 27 نومبر 2014 17:42

درخت پرلٹکی دو لڑکیوں کی پراسرار ہلاکت ،واقعہ خودکشی تھی،بھارتی تفتیش ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) بھارتی تفتیش کاروں نے کہاہے کہ دو لڑکیوں کی پراسرار ہلاکت کا معمہ حل ہو گیا ہے، انہوں نے اس خیال کو مسترد کر دیا ہے کہ انہیں اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیاکے مطابق ایک رپورٹ میں وفاقی تفتیش کاروں نے بتایاکہ ان لڑکیوں نے خود کشی کی تھی، خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں نے اس نئی پیش رفت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

رواں برس مئی میں ان کی لاشیں ریاست اترپردیش کے گاوٴں میں ایک درخت پر جھولتی پائی گئی تھیں۔ دونوں لڑکیاں کزنز تھیں اور ان کی عمریں بارہ اور چودہ برس تھیں۔ اس واقعے کے ردِ عمل میں بین الاقوامی سطح پر خواتین کے خلاف تشدد پر غم و غصہ ظاہر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان لڑکیوں کے ورثہ کا کہنا تھا کہ انہیں اونچی ذات کے مردوں نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا تھا۔

وہ گھر میں ٹوائلٹ نہ ہونے کے باعث رات کے وقت کھیتوں میں رفع حاجت کے لیے گئی تھیں۔ مہینوں تک جاری رہنے والی تفتیش کے بعد سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے کہا کہ یہ خود کشی کا معاملہ ہے۔اس ایجنسی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ چالیس سائنسی رپورٹوں کے مطابق، سی بی آئی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ دو کم سن لڑکیوں کے ساتھ نہ تو جنسی زیادتی ہوئی اور نہ ہی انہیں قتل کیا گیا، جیسا کہ الزام (پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں) لگایا گیا تھا۔