شارجہ ٹیسٹ ، قومی ٹیم 351رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ،نیوزی لینڈ نے بغیر وکٹ کھوئے 7رنز بنا لیے

جمعہ 28 نومبر 2014 13:31

شارجہ ٹیسٹ ، قومی ٹیم 351رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ،نیوزی لینڈ نے بغیر ..

شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -28نومبر 2014ء ) شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے دن قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 351رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے،نیوزی لینڈ نے کھانے کے وقفے تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے سات رنز بنا لیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو مصباح الحق38اور محمد حفیظ 178کے انفرادی سکور پر کریز پر موجود تھے۔ مصباح الحق اپنے انفرادی سکور میں بغیر کو ئی اضافہ کیے 285کے مجموعی سکور پر ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

ان کے بعد اسد شفیق بیٹنگ کرنے آئے جنہوں نے محمد حفیظ کے ساتھ سکور آگے بڑھانا شروع کیا ۔311کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ 197رنز بنا کر اش سوڈی کا شکار بنے ۔ اسد شفیق بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور 11رنز بنا کر مارک کریگ کو وکٹ دے بیٹھے ۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر سرفراز احمد بھی بجھے بجھے نظر آئے اور 15رنز بنا کر مارک کریگ کو وکٹ دے بیٹھے ۔

محمد طلحہ اور راحت علی نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت گوارا نہ کی ۔ لیگ سپنر یاسر شاہ نے عمدہ کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پاکستان کا سکور 350رنز تک پہنچا یا تاہم25رنز کے انفرادی سکور پر انکی ہمت بھی جواب دے گئی ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آف سپنر مارک کریگ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی مرتبہ 7کھلاڑی پوویلین واپس بھیجے جبکہ سوڈی ،ویٹوری اور ساؤتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 197، اظہر علی نے 39، مصباح الحق 38 اور یاسر شاہ 25رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے ۔کھانے اور نماز جمعہ کے وقفے سے قبل نیوزی لینڈ نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے ساتھ زنز بنا لیے ہیں ۔ ٹام لیتھم 0اور برینڈن میکولم 6رنز کے ہمراہ کریز پر موجود ہیں ۔