لاہو رمیں عمرہ زائرین کے فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن شروع‘70سال سے زیادہ عمر کے افراد مستثنیٰ

جمعہ 28 نومبر 2014 16:00

لاہو رمیں عمرہ زائرین کے فنگر پرنٹس کی رجسٹریشن شروع‘70سال سے زیادہ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 28نومبر 2014ء) عمرہ پر جانے و الے 12سے 70سال تک عمر کے افراد کی آنکھوں کی سکیننگ اور ان کے فنگر پرنٹس محفوظ کرنے کے لئے سعودی حکومت کی طرف سے عائد کی جانے والی لازمی شرط پر عمل درآمد کے لئے نجی کمپنی اعتماد سروسز نے ٹھوکر نیاز بیگ ملتان روڈ لاہور پر کام شروع کر دیا ہے ۔عمرہ پر جانے کے خواہشمند افراد اپنی درخواست کی اپرول کے بعدٹریول ایجنٹ کی طرف سے ملنے والا ای نمبراور اصل پاسپورٹ پیش کر کے بائیو میٹرکس کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں ۔

کمپنی کے دفاتر پیر تا جمعہ لاہور کے علاوہ کراچی ‘ اسلام آباد ‘ پشاور اور کوئٹہ میں بھی کام کر رہے ہیں اور جلد ہی ملتان‘ سکھر ‘ سرگودھا اور سوات میں بھی کام کرنا شروع کر یں گے ۔بائیومیٹرک رجسٹریشن کی فیس پانچ سو سے چھے سو روپے ہے‘ یہ کام تین سے پانچ منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے ‘ درخواست گزار اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی دن اپنی رجسٹریشن کر ا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

معمر اور بزرگ اور معذور درخواست گزاروں کے لئے ان مراکز پر ترجیحی سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔ بائیو میٹرکس رجسٹریشن کی شرط12سال سے کم اور 70سال سے زیادہ عمر کے افراد پرعائدنہیں، عمر ہ ویز ہ کی معیاد ایک ماہ ہو گی تاہم ٹریول ایجنٹ اس سے کم مدت کے پیکیج بھی فروخت کر سکتے ہیں ۔