بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کو روند کر پاکستان کا فاتحانہ آغاز

ہفتہ 29 نومبر 2014 14:21

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کو روند کر پاکستان کا فاتحانہ آغاز

کیپ ٹاوٴن(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو روند کر دفاعی مہم کا فاتحانہ آغاز کرلیا، کپتان ذیشان عباسی نے 5 وکٹیں اڑائیں، ہارون نے ناقابل شکست 84 رنز کے ساتھ کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز فل ہیوز کی موت کی وجہ سے ایک دن تاخیر سے ہوا، جمعرات کو پاکستان کا انگلینڈ اور سری لنکا کا آسٹریلیا سے مقابلہ ملتوی کردیا گیا تھا، نوجوان کینگرو بیٹسمین کے اچانک انتقال پر کیپ ٹاوٴن میں تمام 7 ممالک کے کرکٹرز اور آفیشلز نے تعزیتی تقریب میں شرکت کی۔

بلوشرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام بیٹسمین 259 پر پویلین لوٹ گئے، اجے ریڈی 71 اور وینکٹ سوارا راوٴ 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد جعفر اقبال نے 38 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستانی کپتان ذیشان عباسی نے 23 رنز کے بدلے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، ہدف کا پیچھا کرنے کیلیے پاکستان کی جانب سے بدر منیر اور محمد جمیل نے اننگز کا آغازکیا لیکن بدر صرف 2 رنز بنانے کے بعد رخصت ہوگئے۔

(جاری ہے)

بعدازاں ہارون نے میدان سنبھالا اور جمیل کے ساتھ مل کر حریف بولر کی خوب پٹائی کی، دونوں کے مابین 112 رنز کی شراکت قائم ہونے کے بعد اوپنر 74 پر حوصلہ ہار گئے،پاکستان نے ہدف 38 ویں اوور میں حاصل کرلیا، ہارون 84 اور انیس50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 41 رنز سے شکست دیدی۔