کسب بینک کے معاملے کی وجہ سے اکاؤنٹ ہولڈرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،لاہور چیمبر

ہفتہ 29 نومبر 2014 18:22

کسب بینک کے معاملے کی وجہ سے اکاؤنٹ ہولڈرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو سخت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کسب بینک کا معاملہ فوری طور پر حل کرے اور دیگر چھوٹے بینکوں کے معاملات پر بھی توجہ دے تاکہ سرمایہ داروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ کسب بینک کے معاملے کی وجہ سے اکاؤنٹ ہولڈرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف سرمایہ داروں کو سرمائے کی قلت کا سامنا ہے بلکہ اس کے ذریعے امپورٹ کرنے والی کمپنیاں بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں کیونکہ کاغذات کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے اْن کا درآمد شدہ خام مال اور دیگر مصنوعات کلیئر نہیں ہوپارہیں اور اْن پر ڈیمرج بھی ادا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر خام مال کلیئر نہ ہوا تو بہت سی فیکٹریوں کی پیداوار رک جائے گی۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے تجویز پیش کی کہ کسب بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز کو ایک مرتبہ تین لاکھ روپے دینے کے بجائے ہر پندرہ دن بعد تین لاکھ روپے ادا کرکے ان کی رقم کلیئر کی جائے تاکہ انہیں سرمائے کی قلت کے مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ کسب بینک کا مسئلہ جلد از جلد حل کرائیں اور دیگر چھوٹے بینکوں پر بھی گہری نظر رکھیں تاکہ آئندہ مزید ایسا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :