پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کا تیسرا روز ، نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرزکا مار مار کر بھرکس نکال دیا ، پہلی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو یقینی شکست کا سامنا ،

نیوزی لینڈ کی ٹیم کسی ٹیسٹ اننگز میں 19 چھکے لگانے والی پہلی ٹیم بن گئی ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز کا نیا ریکارڈ ، نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم نے صرف 188 گیندوں پر 202 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی ، تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر نیوزی لینڈ کے 8 وکٹوں پر 639 رنز ، پاکستان پر 286 رنز کی برتری حاصل ، حفیظ کے بعد نیوزی لینڈ کے بلے باز ویلیم سن بھی اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کرسکے

ہفتہ 29 نومبر 2014 19:07

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کا تیسرا روز ، نیوزی لینڈ ..

شارجہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے پاکستانی باؤلروں کا مار مار کر بھرکس نکال دیا ، پہلی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو یقینی شکست کا سامنا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم کسی ٹیسٹ اننگز میں 19 چھکے لگانے والی پہلی ٹیم بن گئی ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز کا نیا ریکارڈ ، نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم نے صرف 188 گیندوں پر 202 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی ، نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے ایک دن کے کھیل میں 390 رنز بنا ڈالے ، تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر نیوزی لینڈ کے 8 وکٹوں پر 639 رنز ، پاکستان پر 286 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ، حفیظ کے بعد نیوزی لینڈ کے بلے باز ویلیم سن بھی اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کرسکے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ پر 249 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی ۔ کپتان برینڈن میکولم نے 153‘ اورکین ولیم سن نے 76 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کیں ۔ دونوں بلے بازوں نے پاکستانی باؤلروں کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی بھرپور دھنائی شروع کردی بالخصوص میکولم کے ” لاٹھی چارج “ سے کوئی پاکستانی باؤلر نہ بچ سکا ۔

میکولم نے صرف 188 گیندوں پر 11 چھکوں اور 21چوکوں کی مدد سے 202 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی ۔ تیز ترین ڈبل سنچری کا اعزاز نیوزی لینڈ کے ہی نیتن ایسٹل کو حاصل ہے جبکہ بھارت کے وریندر سہواگ نے اس کے بعد پاکستان او رسری لنکا کے خلاف 2 تیز ترین ڈبل سنچریاں بنائی تھیں ۔ میکولم 348 کے سکور پر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے اس کے بعد راس ٹیلر اور ویلیم سن نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کرکے سکور کو 464 تک پہنچا دیا اس موقع پر ٹیلر 50 رنز بنا کر یاسر شاہ کا نشانہ بن گئے ، اس کے بعد ویلیم سن بھی نروس ہوکر 192 کے سکور پر راحت علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔

وہ میچ کے دوسرے بلے باز تھے جو اپنی ڈبل سنچری نہ بنا سکے ۔ اس سے پہلے پاکستان کے محمد حفیظ بھی 197 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے ۔ نیوزی لینڈ کی 5ویں وکٹ 528 پر گری جب وٹوری 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، اس کے بعد 537 پر اینڈرسن 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور 546 پر واٹلنگ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو لگتا تھا کہ پوری ٹیم 570 کے اندر آؤٹ ہوجائیگی ، اس موقع پر نیوزی لینڈ کے باؤلروں ٹم ساؤتھی اور کریگ نے مار کھا کھا کر بے حال پاکستانی باؤلروں پر ایک بار پھر لاٹھی چارج شروع کردیا اور دونوں نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنا ڈالے ۔

کھیل ختم ہونے سے تھوڑی دیر پہلے ٹم ساؤتھی اپنی ففٹی مکمل کرکے آؤٹ ہوئے جبکہ کریگ 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔ پاکستان کی طرف سے راحت علی نے 4 ، یاسر شاہ نے 3 جبکہ حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ نیوزی لینڈ (آج) اتوار کو چوتھے روز بھی اپنی پہلی اننگز جاری رکھے گی اور لگتا یہی ہے کہ وہ 300 سے زائد کی برتری حاصل کر لے گی ۔ پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز کی کارکردگی اور چوتھی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کے ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے نظر آتا ہے کہ کوئی معجزہ ہی پاکستانی ٹیم کو یقینی شکست سے بچا کر میچ کو ڈرا کی طرف لے جاسکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :