قوم کو2017 ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی‘ وفاقی وزیر پانی و بجلی ،

حکومت وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے بحران کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، حکومت تعلیم کے میدان میں کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے،خواجہ محمد آصف کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 29 نومبر 2014 20:29

قوم کو2017 ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی‘ وفاقی وزیر پانی ..

سیالکوٹ /لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی اور دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں بجلی کے بحران کے خاتمہ کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے، قوم کو2017 ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی، ملک اندھیروں سے نکل کر اب اجالوں کی جانب گامزن ہے اور روشنی کا یہ سفر کامیابی سے جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہونہار طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت توانائی بحران کو حل کرنے میں دن رات کوشاں ہے۔ حکومتی اقدامات کے مطلوبہ نتائج مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیں اپنے سماجی رویوں میں تبدیلی لا کر برداشت کو فروغ دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

اجتماعی برداشت سے سماجی ناہمواریوں کا خاتمہ بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ جیل کو جلد ہی دوسری جگہ منتقل کر دیا جائے گا اور اس جیل کی ساری اراضی بھی گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کو الاٹ کر دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت تعلیم کے میدان میں کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔

ملک میں یکساں نظام تعلیم ہونا چاہئے ‘ایک ایسا نظام تعلیم ہو جو صاحب ثروت اور کم دولت مند لوگوں کے لئے یکساں تعلیمی نصاب ہو۔ معاشرے کی ترقی کے لئے کوالٹی ایجوکیشن کا فروغ اشد ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کو پاک اور محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت تعلیم کو ایک قومی ترجیح بنا کر معاشرے میں یکساں نظام تعلیم لانے کی خواہاں ہے۔

خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ لوگوں کے ذاتی مفادات بہت اوپر چلے گئے ہیں جبکہ قومی مفادات بہت نیچے آ گئے ہیں۔ اب ہم سب کو وسیع تر قومی مفاد میں یہ ترتیب بدلنا ہوگی۔ آئندہ نسلیں موجودہ پاکستان کو اپنے عظیم کردار سے لازوال بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دیں۔

ہم نے آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ پاکستان دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں تعلیم سے محروم رہتی ہیں وہ قومیں بہت جلد مٹ جاتی ہیں۔ علم کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے 767ہونہارو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام، ڈی سی او سیالکوٹ محمد ندیم سرور، وائس چانسلر ڈاکٹر فرحت سلیمی، ڈاکٹر خالدہ گیلانی اور ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ ڈویژن غلام سرور سپراء بھی اس موقع پر موجود تھے۔