25دسمبر کو مزار قائد سے ملک میں موجودہ ”سٹیٹس کو “کیخلاف ،ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا آغاز کرینگے ‘سراج الحق ،جماعت اسلامی پاکستان ملک میں یکساں نصاب تعلیم رائج کریگی ،ذریعہ تعلیم قومی زبان ہوگی، آز اد خارجہ پالیسی بنائینگے،ملک میں وسائل کی کمی نہیں ، 65سالوں میں کرپشن نہ ہوتی تو ملک جاپان ،ملائشیاء اور چین سے آگے ہوتا‘ تقریب سے خطاب

ہفتہ 29 نومبر 2014 20:35

25دسمبر کو مزار قائد سے ملک میں موجودہ ”سٹیٹس کو “کیخلاف ،ملک کو اسلامی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 25دسمبر کو مزار قائد کراچی سے ملک میں موجوہ ”سٹیٹس کو “کے خلاف اور ملک کو خوشحال ، اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا آغاز کریگی، جماعت اسلامی سیاست کو عبادت سمجھتی ہے ، جماعت اسلامی ملک میں یکساں نصاب تعلیم رائج کریگی اور ذریعہ تعلیم قومی زبان ہوگی، ملک میں وسائل کی کمی نہیں ان 65سالوں میں اگر کرپشن نہ ہوتی تو ملک جاپان ،ملائشیاء اور چین سے آگے ہوتا،ہم آز اد خارجہ پالیسی بنائینگے، الخدمت فاؤنڈیشن نے 5سال میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے 23ارب روپے خرچ کیے ہیں۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز اسلامی پشاور میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاور کے زیر اہتمام 50 یتم بچیوں کی ا جتماعی شادیوں کے حوالے سے منعقد ہ تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر احسان اللہ وقاص ، صوبائی صدر نور الحق،جماعت اسلامی کے صوبائی نائب اُمراء حکیم عبدالوحید، مولانا اسد اللہ ، مولانامحمد اسماعیل، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابرحسین اعوان، الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاور کے صدر ملک پرویز خان، نائب صدر فضل اللہ داؤدزئی، جنرل سیکرٹری فدا محمد ، سابق وزراء حافظ حشمت خان اور کاشف اعظم بھی موجود تھے ۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے اس فرمان کہ” پاکستان کو دنیا میں ماڈل بنا کر مثال کی طور پر پیش کرینگے“ ، کو حقیقت بنا کر دکھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے کرپشن ختم کرکے ملک سے استحصالی نظام کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریعت کے خلاف منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہاہے۔ اسلامی شریعت رحمت و برکت کا نظام ہے۔

انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کراکے ملک میں اسلامی شریعت نافذ کرینگے۔ حلال روز گار کے ساتھ ساتھ غریب کو علاج اور سرچھپانے کے لئے چھت فراہم کرینگے۔ ملک میں عدل و انصاف کا نظام صرف جماعت اسلامی ہی قائم کر سکتی ہے۔ ہم ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرینگے۔ غربت ، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف جہاد کریں گے۔ ہم سٹیل ملز، پی آئی اے اوراو جی ڈی سی ایل جیسے اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دینگے۔

جماعت اسلامی غریب عوام ، مزدور، محنت کشوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی پشت پر کھڑی ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں افراتفری اور انتقام کے نعرے لگ رہے ہیں ۔ ہم نفرتوں کی بجائے لوگوں کو آپس میں جوڑنے او رمحبت سے رہنے کا پیغام دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے مسائل حل نہیں کرتے تو انہیں حکومت کرنے کو کوئی حق نہیں۔ عوام ٹیکس ادا کرتے ہیں مگر عوام کو ا س کے عوض حکومت کی طرف سے ظلم و جبر اور مہنگائی کا سامنا ہے۔

ملک میں ہر طرف بدامنی،اندھیر نگری اور چوپٹ رائج ہے ۔ ملک میں ہزاروں افرادقتل ہو چکے ہیں اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں علماء اور سیاسی لو گ محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان ، مزدور ، مجبور مرد و خواتین کے لئے اعلان کرتا ہو ں کہ اب وہ لا وارث نہیں ہیں۔ جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر نادار ، مجبور اور غریب عوام کو آٹا، دال ، چینی ، چاول ، چائے میں سبسڈی دے گی اور پانچ بیماریوں ، دل۔

گردہ، یرقان، تھیلسیمیااور کینسر کا مفت علاج مہیا کرینگے ۔ واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اس موقع پر 50نادار اور غریب جوڑوں کو رشتہ ازدواج میں منسلک کرنے کا اہتمام کیا۔ ہر دلہن کو جہیز بھی دیا گیا ۔ بعد ازاں 50جوڑوں کے آئے ہوئے عزیز و اقارب کے لئے دعوت کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سرا ج الحق نے خطبہ نکاح پڑھا۔