سینیٹر ذوالفقار کھوسہ کی نئی مسلم لیگ کے قیام کے لیے سرگرمیاں تیز ،

مسلم لیگ (ن) کے ناراض ارکان پارلیمنٹ و رہنماوٴں سے رابطے کے بعد اب کراچی پہنچ گئے، آئندہ چند روز میں ناراض مسلم لیگی رہنماوٴں کا اجلاس منعقد ہو گا ، نئی مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے لائحہ طے کیا جائے گا

ہفتہ 29 نومبر 2014 21:23

سینیٹر ذوالفقار کھوسہ کی نئی مسلم لیگ کے قیام کے لیے سرگرمیاں تیز ،

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما سینیٹر ذوالفقار کھوسہ نے نئی مسلم لیگ کے قیام کے لیے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں ، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے ناراض ارکان پارلیمنٹ اور رہنماوٴں سے رابطے کے بعد اب وہ کراچی پہنچ گئے ہیں ، جہاں آئندہ چند روز میں ناراض مسلم لیگی رہنماوٴں کا ایک اجلاس منعقد ہو گا ، جس میں نئی مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے لائحہ طے کیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق کراچی پہنچنے کے بعد سینیٹر ذوالفقار کھوسہ نے ناراض مسلم لیگی رہنماوٴں سید غوث علی شاہ ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ، ممتاز بھٹو ، لیاقت جتوئی سمیت دیگر سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان رابطوں میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پارٹی رہنماوٴں کو نظر انداز کرنے ، ملک کی سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کراچی پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر ذوالفقار علی کھوسہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ کراچی آئے ہیں اور یہاں ناراض مسلم لیگی رہنماوٴں سمیت دیگر جماعتوں اور بلوچ رہنماوٴں سے رابطے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر کرپٹ ٹولہ قابض ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ جس حوالے سے قائم کی گئی تھی ، اب وہ اپنے مقاصد سے پیچھے ہٹ گئی ہے ۔

وقت کی ضرورت ہے کہ قائد اعظم کی مسلم لیگ کو بحال کیا جائے ۔ اس حوالے سے میں جدوجہد کر رہا ہوں ۔ پنجاب میں رابطوں کے بعد اب سندھ میں رابطوں کا آغاز شروع کر دیا ہے ۔ ان رابطوں کے بعد آئندہ چند روز میں کراچی میں ایک اجلاس ہو گا ، جس میں نئی مسلم لیگ کے قیام کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور نئی مسلم لیگ کا باضابطہ اعلان مکمل مشاورت کے بعد کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ میرے جن شخصیات سے رابطے ہو رہے ہیں ، فی الحال میں ان کا نام ظاہر نہیں کروں گا ۔ جب رابطے مکمل کر لیے جائیں گے تو میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ملک سے مہنگائی ، بے روزگاری کا خاتمہ اور عوام کے مسائل کا حل ہے ۔ ہمارا ایجنڈا ہے کہ ہم قائد اعظم کے مشن کے مطابق عوام کی خدمت کریں گے ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) میں گذشتہ کئی ماہ سے اختلافات سامنے آئے ہیں اور پنجاب میں سینیٹر ذوالفقار کھوسہ نے موجودہ مسلم لیگ کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے اور سندھ میں پہلے ہی مسلم لیگ (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور ناراض مسلم لیگی رہنماوٴں کی جانب سے متحدہ مسلم لیگ کے قیام کا اعلان کیا جا چکا ہے ۔

سیاسی حلقے سینیٹر ذوالفقار کھوسہ کے دورہ کراچی کو اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں اور موجودہ سیاسی صورت حال میں مسلم لیگ (ن) میں دھڑ بندی کے باعث پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :