تحریک انصاف آج اسلام آباد میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، تیاریاں مکمل،پریڈ ایونیو کو جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ، ملک بھر سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری

اتوار 30 نومبر 2014 11:40

تحریک انصاف آج اسلام آباد میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، تیاریاں مکمل،پریڈ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30نومبر۔2014ء) تحریک انصاف کا سونامی آج شہر اقتدار سے ٹکرائے گا ۔ جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، سکیورٹی نکتہ نظر سے جلسہ گاہ کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔ ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ، خواتین کارکن وکٹری کا نشان بنائے پنڈال میں داخل ہو رہی ہیں ، تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ آج کا جلسہ سابقہ جلسوں کے ریکارڈ توڑ دے گا ۔

2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف ایک بار پھر بھرپور انداز سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی ۔ اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کے مطابق تحریک انصاف کا جلسہ پریڈ ایونیو پر ہوگا ۔ پریڈ لین سے جناح ایونیو تک وسیع پنڈال کو پارٹی پرچموں،بینرز اور کرسیوں سے سجا دیا گیا ہے ، سٹیج کا رخ جناح ایونیو کی طرف ہوگا جس کے اطراف کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جلسے کا باقاعدہ آغاز دن بارہ بجے ہوگا ، جلسے میں شرکت کیلئے ملک بھر سے کارکنوں کی آمد کی سلسلہ جاری ہے جنہیں جلسہ گاہ میں داخلے کیلئے مارگلہ روڈ، پی ٹی وی چوک، ایکسپریس چوک اور کنونشن سینٹر کے سامنے شاہراہ دستور سے رسائی دی گئی ہے ، کارکن صبح سے ہی پرجوش دکھائے دے رہے ہیں ، کپتان کے دیوانے جلسے میں رنگ ڈالنے کیلئے فیس پینٹنگ کے ساتھ ساتھ دیگر تیاریوں میں مصروف ہیں ، بیشتر کارکنوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے کی مناسبت سے لباس زیب تن کر رکھا ہے ، بچے ہوں یا خواتین ، جوان ہوں یا بزرگ ، ہر کارکن کا جوش قابل دید ہے ۔

وفاقی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے شرکاء کا تخمینہ 60 سے 70 ہزار افراد لگایا جا رہا ہے ۔ جلسہ گاہ کی اندرونی سیکورٹی تحریک انصاف کی ذمہ داری ہوگی ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آ جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :