شارجہ ٹیسٹ میں چھکوں کا عالمی ریکارڈ قائم، اسد شفیق کو میچ کا 28واں چھکا لگانے کا اعزاز حاصل

اتوار 30 نومبر 2014 19:55

شارجہ ٹیسٹ میں چھکوں کا عالمی ریکارڈ قائم، اسد شفیق کو میچ کا 28واں چھکا ..

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30نومبر۔2014ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ میں جاری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم شکست کے دہانے پر پہنچ گئی ہے لیکن دوسری جانب ایک عالمی ریکارڈ بھی قائم ہو گیا ۔اتوار کوشارجہ ٹیسٹ میں پاکستانی بلے باز اسد شفیق نے چھکا لگایا تو یہ میچ 28واں چھکا تھا جس کے ساتھ ہی میچ میں زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

میچ میں اب تک مجموعی طور پر 30 سے زائد چھکے لگے جس میں نیوزی لینڈ کے ایک اننگ میں 22 چھکے شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے کپتان برینڈن میک کولم نے گیارہ چھکے لگائے۔پاکستان نے پہلی اننگ میں پانچ چھکے لگائے تھے جبکہ دوسری اننگ میں اسد شفیق نے جب گیند کو فضاوٴں کی سیر کراتے ہوئے باوٴنڈری کے پار پہنچایا تو اس کے ساتھ ہی ایک ٹیسٹ میں زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ بن گیا۔اس سے قبل کسی بھی ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ 27 چھکے 2006 میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان فیصل آباد میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں لگے تھے۔