قیمتوں میں کمی کے بعد مختلف شہروں میں پمپس بند ہونے سے پیٹرولیم مصنوعات نایاب،

کھلے ہوئے پمپس پر شہریوں کو طویل قطاروں میں لگ کر پیٹرول حاصل کرنا پڑا ، کئی مقامات پر بلیک میں فروخت ہوتا رہا، پیٹرولیم مصنوعات کا موجودہ ذخیرہ پرانی قیمتوں میں خریدا گیا ہے جسے نئی قیمتوں پر فروخت نہیں کرسکتے‘ پیٹرول پمپ مالکان کا موقف، جب قیمتوں میں اضافہ کیا جاتاہے تو فوری نئی قیمتوں پر فروخت ، کمی پر مصنوعی قلت پیدا کر دی جاتی ہے ‘ شہریوں کی گفتگو ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کے بعد انسپکشن ٹیموں کی پٹرول پمپوں کی اچانک چیکنگ پیمانوں میں گڑبڑ ،کم مقدار میں پٹرول فروخت کرنے پرمتعدد کو جرمانے ،27نوزل یونٹ سیل،چالان برائے کارروائی عدالت بھیج دئیے گئے

پیر 1 دسمبر 2014 21:05

قیمتوں میں کمی کے بعد مختلف شہروں میں پمپس بند ہونے سے پیٹرولیم مصنوعات ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس بند کردیئے گئے جس سے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا دیکھنے میں آئی ،کھلے ہوئے پمپس پر شہریوں کو طویل قطاروں میں لگ کر پیٹرول حاصل کرنا پڑا جبکہ کئی مقامات پر بلیک میں فروخت جاری رہی ، کئی مالکان نے نئی قیمتوں پر عملدرآمد شروع کر کے پیٹرول کی کم مقدار پر فروخت شروع کر دی جس پر متعدد کو جرمانے ةکئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر عملدرآمد میں پیٹرول پمپس مالکان حائل ہو گئے ۔لاہور، فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،راولپنڈی ،ملتان ،حافظ آباد ،میانوالی ،بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کے بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت بند کردی گئی جبکہ پمپوں پر پرانی قیمتوں میں ہی پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت جاری ہے جس کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت نے کارروائی شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

اکثر پٹرول پمپس بند ہونے سے کھلے پیٹرول پمپس پر شہری پیٹرولیم مصنوعات کے حصول کے لئے طویل قطاریں بنائے اپنی باری کا انتظار کرتے رہے ۔ ذرائع کے مطابق کئی پیٹرول پمپ مالکان نے نئی قیمتوں پر عملدرآمد تو شروع کر دیا ہے تاہم پیٹرول کی مقدار کم کر دی گئی ہے۔ بعض مقامات پر رش کو دیکھتے ہوئے بلیک میں بھی فروخت کی گئی۔پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کا موجودہ ذخیرہ پرانی قیمتوں میں خریدا گیا ہے جسے وہ نئی قیمتوں پر فروخت نہیں کرسکتے۔

اس لئے نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل تک وہ اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔مختلف شہروں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ مارے مارے پھر رہے ہیں ۔ شہریوں کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب قیمتوں میں اضافہ کیا جاتاہے تو پیٹرول پمپ مالکان فوراً ہی نئی قیمتوں پر پیٹرول کی فروخت شروع کردیتے ہیں لیکن جب حکومت کی جانب سے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے تو پیٹرول پمپ بند کر کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی ہے جس کا حکومت کو نوٹس لیتے ہوئے پیٹرول نہ دینے والے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہیے ۔

پنجاب حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کے بعد بعض پٹرول پمپ مالکان کی طرف سے کم مقدار میں پٹرول فروخت کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی ہدایت پرڈپٹی کنٹرولر اوزان و پیمائش ارشد محمود تارڑ نے محکمہ لیبر کی انسپکشن ٹیموں کے ہمراہ شیخوپورہ کے مختلف پٹرول پمپوں کی52نوزلز کی اچانک چیکنگ کی اور ناپ تول کے پیمانوں میں گڑبڑ کرنے اور کم مقدار میں پٹرول فروخت کرنے پرسخت کارروائی عمل میں لائی ۔

تفصیلات کے مطابق شہریوں کی طرف سے شیخوپورہ میں بعض پٹرول پمپوں پراوزان وپیمائش میں گڑبڑ اورمقدار سے کم پٹرول بیچنے کی شکایات پر صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے محکمہ لیبر کے متعلقہ افسران کو ان پٹرول پمپس کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے کنٹرولراوزان وپیمائش نے ڈپٹی کنٹرولر ارشد محمود تارڑکوفوری انسپکشن کا ٹاسک دیا جنہوں نے شہر کے مختلف مقامات پر پٹرول پمپوں کے پیمانہ جات چیک کرنے کے لئے 11 پٹرول پمپوں کی انسپکشن کی جن میں سے10پٹرول پمپوں کے پیمانہ جات میں ہیرا پھیری پائی گئی -گورنمنٹ کی سیلیں توڑنے اور مقدار سے کم پٹرول بیچنے پر ان پٹرول پمپوں کے27 نوزل یونٹ سیل کر کے چالان مجاز عدالت کو کارروائی کے لیے بجھوا دیئے گئے ہیں۔

جن پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی گئی ان میں ذکریا پٹرولیم سروس اینڈ سی این جی اسٹیشن 10کلو میٹر شرقپور روڈ، ایم ۔2سی این جی فلنگ فیض پور انٹر چینج، عمران پٹرولیم اسٹیشن16کلو میٹر جڑانوالہ روڈ، آئیں پٹرولیم سروس 16کلو میٹر برج اٹاری، الصادق فلنگ اسٹیشن شرقپور شریف، شرقپور فلنگ اسٹیشن شرقپور، گل سی این جی فلنگ اسٹیشن شرقپور، بوٹا فلنگ اسٹیشن24کلو میٹر جڑانوالہ، ایم، ایس الله مالک فلنگ اسٹیشن20جڑانوالہ روڈ اور علی ہجویری فلنگ اسٹیشن نین سکھ شامل ہیں۔

بعض مقامات پر پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول کی مقدار کم یا زیادہ کرنے کے لیے خفیہ بٹن اور آلات لگائے ہوئے تھے نیزگورنمنٹ کی سیلوں میں ٹمپرنگ کی گئی تھی۔ صرف ایک پٹرول پمپ عمران فلنگ سٹیشن 14کلو میٹر جڑانوالہ روڈ کے پیمانے درست اور قوائد و ضوابط کے مطابق پائے گئے۔صوبائی وزیر راجہ ٍاشفاق سرور نے محکمہ لیبر کے افسران کوہدایت کی ہے کہ وہ عوام کومقررہ مقدار میں پٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن مہم جاری رکھیں اور پٹرول پمپ مالکان قبلہ درست کرلیں۔

متعلقہ عنوان :