Live Updates

نواز شریف مجھ سے ملاقات کرنا چاہتے تھے : عمران خان

پیر 1 دسمبر 2014 22:52

نواز شریف مجھ سے ملاقات کرنا چاہتے تھے : عمران خان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آزادی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف میرے گھر آنا چاہتے تھے اور مجھ سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے اپنے ایک خاص آدمی کے ذریعے مجھ سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔میں نے ان سے سوال کیا کہ جب میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے اور میں اپنے ملک کے لیے کھڑا ہوںتو وہ مجھ سے ملاقات کیوں کرنا چاہتے تھے؟انہوں نے تحریک انصاف کے پلان سی کے بارے میں بتایا کہ ملک میں بےروزگاروں کی لائن لگی ہوئی ہے ، میرے شہر بند کرنے سے معیشت کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں شہر یا پاکستان بند کرنا نہیں چاہتا لیکن جلد نظر آ جائے گا کہ ہم شہر کیسے بند کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ہمارا پلان سی اور ڈی کامیاب نہ ہوا تو پلان ’ای‘ بھی تیار ہے۔30 نومبر کے جلسے کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو جلسے میں آنے سے روکنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کی ڈیوٹی لگائی گئی۔لیکن جن تحریکوں میں خواتین ہوتی ہیں وہاں انقلاب گھروں تک آ جاتا ہے۔

موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب ، بچے آپ سے زیادہ عقلمند ہیں۔آپ اتنی معصوم شکل نہ بنایا کرو مجھے ترس آ جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاید میاں صاحب کو امریکہ نے تھپکی دے دی ہے اسی لیے وہ مذاکرات سے ہٹ رہے ہیں۔ ایک طرف تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کو دھمکی دیتا ہے اور دوسری جانب نواز شریف اپنے بیٹے کو بزنس کے لیے بھارت لے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو کہا کہ میں آصف زرداری کے لیے بھیڑیا ہوں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات