حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے مشترکہ طورپر تین نام چن لیے ، سردار رضامضبوط امیدوار

بدھ 3 دسمبر 2014 11:59

حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے مشترکہ طورپر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3دسمبر۔2014ء) حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے تین ناموں پر اتفاق کرلیاہے اور ایک ہی فہرست مشترکہ طورپر سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادی گئی ہے جو پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے تاہم ذرائع نے بتایاکہ سردار رضامضبوط امیدوار ہیں اورپارلیمانی کمیٹی میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلہ ہونے کی وجہ سے سردار رضاکے منتخب ہونے کا قوی امکان ہے ۔

اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ تین ناموں پر اتفاق کیا جوپارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے اور پانچ دسمبر سے قبل ہی نام فائنل ہوجائے گا۔ وزیراعظم کی عدم موجودگی کی وجہ سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی جس دوران چیف الیکشن کمشنر کے لیے جسٹس ریٹائرڈتنویراحمد، طارق پرویز اور سردار رضا کے نام پر مشاورت کی گئی ۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈارکے ہمراہ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خورشیدشاہ نے بتایاکہ فیصلے میں سیاسی پختگی دکھائی دے گی ، پہلے بھی کچھ نام چنے تھے لیکن کچھ اختلافات کی وجہ سے حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے ، عدالت کے احکامات آگئے تو انشاءاللہ عدالتی ڈیڈلائن پر عمل کریں گے ۔ دونوں طرف سے نام سامنے آئے ، مشاورت کی ، تمام جماعتوں کے ساتھ رابطے کیے اور کچھ نام شارٹ لسٹ کیے ہیں ، سب جماعتوں کو اعتماد میں لیا ۔

اس سے قبل حکومت کو اختیار تھا لیکن اب چیف الیکشن کمشنر کے تقررکا اختیار پارلیمنٹ کو دے دیاگیاہے اور اب یہ کمیٹی کا اختیار ہوگاکہ وہ کس کو منتخب کرتی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ حکومت اور اپوزیشن جسٹس ریٹائرڈ سرداررضاکے نام پر اتفاق کرلیاگیاہے تاہم تینوں نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے۔بتایاگیاہے کہ تینوں نام پارلیمانی کمیٹی کوبھجوائے جائیں گے جہاں بارہ رکنی کمیٹی اکثریتی بنیادوں پر فیصلہ کرے گی تاہم دونوں بڑی جماعتوں نے سردار رضا کے نام پر اتفاق کرلیاہے اور قوی امکان ہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں ہی سردار رضاکے نام پر اتفاق ہوگا۔

سردار رضا اس وقت وفاقی شرعی عدالت میں چیف جسٹس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور وہ اعلان کے بعد وفاقی شرعی عدالت سے اپنا استعفیٰ دے دیں گے ۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور ایم کیوایم کے ڈاکٹرفاروق سے ٹیلی فونک رابطہ کیاہے جس دوران اُنہیں چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اعتماد میں لیاگیا اور پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔