سعید اجمل ورلڈ کپ کھیلیں گے یا نہیں، حتمی ٹیسٹ 10 دسمبر کو ہوگا

بدھ 3 دسمبر 2014 12:31

سعید اجمل ورلڈ کپ کھیلیں گے یا نہیں، حتمی ٹیسٹ 10 دسمبر کو ہوگا

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل ورلڈ کپ کھیلیں گے یا نہیں، حتمی فیصلہ 10 دسمبر کو آئی سی سی کے بولنگ ٹیسٹ کے بعد ہوجائے گا، اسٹار اسپنر کو کلیئر نہ ہونے پر ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔سعید اجمل کا بالنگ ایکشن قانونی ہوا کہ نہیں، اب آف اسپنر کہنی کو 15 ڈگری کا ختم دیتے ہیں یا نہیں، لافبرا یونیورسٹی میں 10 دسمبر کو سعید اجمل کا آفیشل آئی سی سی ٹیسٹ ہوگا۔

آئی سی سی ترجمان کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سعید اجمل کے ایکشن ریویو کی درخواست انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو موصول ہوگئی ہے۔سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز میں اعتراض اٹھایا گیا تھا، گزشتہ 2 ماہ سے زائد عرصے سے سعید اجمل ثقلین مشتاق کی زیرنگرانی بولنگ ایکشن کی درستگی پر کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے ماضی کے مشہور آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کے بعد سعید اجمل کو غیرسرکاری تجزیے کے لیے لفبرا انگلینڈ کی لیبارٹری میں بھیجا گیا تھا۔

اس لیبارٹری کے ڈاکٹر کنگ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعید اجمل نے اپنے بولنگ ایکشن کو کافی حد تک بہتر کر لیا ہے، لیکن ان کی کہنی کا خم اب بھی 15 ڈگری سے زائد ہے، اور اگر وہ اپنے بولنگ ایکشن پر مزید محنت کریں تو یہ 15 ڈگری کی حد تک آ سکتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئی سی سی سے رابطہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ عالمی کپ سے قبل سعید اجمل کو کلیئر کرانے میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو ورلڈ کپ کے ممکنہ 30 کھلاڑیوں میں شامل کر رکھا ہے تاہم ابھی اس کا اعلان نہیں ہوا۔ یہ 30 نام آئی سی سی کو بھیجنے کی آخری تاریخ سات دسمبر ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ سعید اجمل کی ورلڈ کپ میں واپسی کی امید 50 فیصد ہے۔